مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کے وارنٹ گرفتاری جاری

چئیرمین نیب نے رانا مشہود کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 10 اگست 2019 11:30

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اگست 2019ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کے وارنٹ گرفتاری پر چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے دستخط کر دئے جس کے بعد وارنٹ نیب لاہور کے حوالے کر دئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر رانا مشہود پر پنجاب اسپورٹس میں مبینہ گھپلوں کا الزام عائد ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے خوردبرد کرنے اور کرپشن میں ملوث شخصیات کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ ذرائع نے امکان ظاہر کیا کہ عید الاضحیٰ سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں احسن اقبال ،رانا مشہود اور خواجہ آصف جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ کو بھی گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ ان رہنماﺅں کے خلاف نیب کو کافی ثبوت موصول ہو چکے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق نیب میں بعض حکومتی وزراء اور دیگر رہنماﺅں کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جن پر کافی پیشرفت ہوچکی ہے ۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب چئیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں بلا تفریق احتساب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے ۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو دو روز قبل نیب نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد کل صبح انہیں احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔

مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت کے جج جوادالحسن کے روبروپیش کیا گیا۔ نیب نے مریم نواز کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا۔ کچھ دیر بعد نیب کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا تھا۔