گلوبل ٹی ٹونٹی:شعیب ملک کی دھواں دار بیٹنگ، میڈیا باکس کے شیشے ٹوٹ گئے

ایونٹ کی انتظامیہ کو شعیب ملک کے یہ دوچھکے کافی مہنگے پڑے:کمنٹیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 اگست 2019 12:01

گلوبل ٹی ٹونٹی:شعیب ملک کی دھواں دار بیٹنگ، میڈیا باکس کے شیشے ٹوٹ گئے
ٹورنٹو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2019ء) گلوبل ٹی ٹونٹی میں شعیب ملک کی طوفانی بیٹنگ سے گراﺅنڈز کے باہر موجود میڈیا باکسز کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی ٹونٹی کے ایک میچ کے دوران پاکستانی بلے باز شعیب ملک کے دو بلند و بالا چھکے باﺅنڈری لائن کے باہر میڈیا باکس کی کھڑکی پر جا لگے جس کے نتیجے میں میڈیا باکس کے شیشے ٹوٹ گئے۔

شعیب ملک نے 68میٹر لمبا ایک چھکا اش سوڈھی کوکورز کی جانب لگایا جو باﺅنڈری کے باہر موجود میڈیا باکس کی کھڑکی پرجا لگا جبکہ دوسرا چھکا فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کو پوائنٹ کی جانب لگایا،وہ بھی میڈیا باکس کی کھڑکی پرلگا اور وہاں کاشیشہ بھی ٹوٹ گیا۔اس موقع پر کمنٹیٹرز کی طرف سے کہا گیا کہ گلوبل ٹی ٹونٹی کی انتظامیہ کو شعیب ملک کے یہ دوچھکے کافی مہنگے پڑے۔

(جاری ہے)

گلوبل ٹی ٹونٹی 20 کینیڈا لیگ کے پہلے کوالیفائر میں وینکوور نائٹس نے برامپٹن وولوز کو ڈی ایل میتھڈ پر77رنز سے مات دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ فاتح الیون نے 16 اوورز میں 4 وکٹ پر 170رنز جوڑے، شعیب ملک نے 26 گیندوں پر 46 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل رہے۔ وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے 1، 1 وکٹ لی، ناکام سائیڈ کو ازسرنو 181 کا ہدف ملا لیکن وہ 103رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

وہاب 5 رنز بناپائے، آفریدی صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، کولن منرو 62رنز بناکر نمایاں رہے۔ایلیمنیٹر میں ونیپیگ ہاکس نے ٹورنٹو نیشنلز کو ڈی ایل پر 2رنز سے قابو کرلیا، ناکام سائیڈ نے 5 وکٹ پر 238رنز بنائے، ہینریچ کلیسن (106) اور روڈریگو تھامس(73) نمایاں رہے،عرفان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں،فاتح الیون نے 17.1 اوورز میں 5 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، عمر اکمل1رن بنا سکے، کپتان جین پال ڈومنی 85رنز بناکر نمایاں رہے۔