مریم نواز کی گرفتاری کے باوجود مظفرآباد میں 15 اگست کو (ن)لیگ کی ریلی پروگرام کے مطابق ہو گی، مشتاق منہاس

بھارت کے یوم آزادی کو کشمیری عوام یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا،مریم نواز کا مظفرآباد میں خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا مگر جمہوریت کی بدقسمتی انہیں انتہائی نامناسب انداز میں گرفتار کر لیا گیا، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

ہفتہ 10 اگست 2019 18:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2019ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مریم نواز کی گرفتاری کے باوجود مظفرآباد میں 15 اگست کو مسلم لیگ ن کی ریلی پروگرام کے مطابق ہو گی،بھارت کے یوم آزادی کو کشمیری عوام یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔مظفرآباد میں ہونے والی ریلی میں مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ محترمہ مریم نواز نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کیلئے مظفرآباد آنا تھا مگر جمہوریت کش قوتوں نے انہیں گرفتار کر لیا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی گرفتاری کے باوجود مظفرآباد ریلی اپنے پروگرام کے مطابق ہوگی جس میں پارٹی کے مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آزادکشمیر کے تمام مکتبہ فکر کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ جن حالات میں مریم نواز کی گرفتاری ہوئی ہے کے تناظر میں اس ریلی میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے مظفرآباد آنا تھا۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا مظفرآباد میں خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا مگر جمہوریت کی بدقسمتی ہے کہ انہیں انتہائی نامناسب انداز میں گرفتار کر لیا گیا۔وزیر اطلاعات نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے سول سوسائٹی ،سماجی کارکنوں ،وکلاء سے بھی کہا کہ وہ یوم سیاہ کے حوالے سے اس ریلی میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔