ٹڈی دل سرولینس اور کنٹرول کے سلسلہ میں جاری سرگرمیاں تیز کر دی گئیں

ہفتہ 10 اگست 2019 18:14

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) محکمہ زراعت پنجاب و دیگر صوبائی و وفاقی محکموں کے تحت ٹڈی دل (لوکاسٹ) کی سرولینس اور کنٹرول کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق بھارتی سرحد سے ملحقہ چولستان کے علاقہ میں ٹڈی دل (لوکاسٹ) کہیں کہیں گروپوں کی شکل میں مشاہدہ میں آرہی ہے اور اب تک چولستان میں کل 68 ہزار 7 سو 40 ہیکٹرز رقبہ پر سروے کے نتیجہ میں 4 ہزار 100 ہیکٹرز پر 4 ہزار ایک سو لٹر زہر سپرے کیا جاچکا ہے۔

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ محکمہ نے ایک ہزار لٹر لیمڈا سائی ہیلوتھرین پرائیویٹ سیکٹر سے مفت حاصل کرکے لوکاسٹ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر نے کل 10 ہزار لٹر لیمڈا سائی ہیلو تھرین محکمہ زراعت پنجاب کو عطیہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں حکومت پنجاب نے لوکاسٹ کنٹرول کے لیے زرعی ادویات کی خریداری فوری طور پر کرنے کے لیے اقدامات کر لیے ہیں تاکہ زرعی زہروں کے سپرے میں کسی قسم کے تعطل کا سامنا نہ ہو۔

ترجمان محکمہ زراعت نے مزید بتایا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب نے بلوچستان اور سندھ میں ٹڈی دل کی حملہ شروع ہونے کے دوران ہی تمام متعلقہ محکموں کو بروقت آگاہ کردیا تھا اور محکمہ زراعت نے چولستان میں ٹڈی دل کی سرولینس کیلئے کل 11 ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے 8ضلع بہاولپور اور 3 ضلع رحیم یار خان میں ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔ علاوہ ازیں فصلوں کی کاشت آبادی والے علاقوں کیلئے 64 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔

ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ کاوشوں کی وجہ سے ابھی تک چولستان کی نباتات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا اورصورت حال ابھی تک کنٹرول میں ہے کیونکہ جیسے ہی شام کے وقت ٹڈی دل کے گروپس آکر بیٹھے (Settle) ہوتے ہیں محکمہ زراعت کی ٹیمیں ان کی نشاندہی کرکے صبح سویرے سپرے کرکے انہیں ختم کردیتی ہیں۔ سیکرٹری زرعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایت پر بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن میں محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کو ٹڈی دل کے بارے میں خصوصی تربیت فراہم کی جاچکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر معلومات کا تبادلہ کیاجارہا ہے۔

اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی طرف سے احمد علی ظفر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے انچارج مقرر کیا گیا ہے جو چولستان میں کیمپ لگا کر ٹڈی دل کے سلسلہ میں جاری تمام سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کررہے ہیں۔