چشتیاں، عید الاضحیٰ کے سلسلہ میںہنگامی بنیادوں پر صفائی کے انتظامات کئے جارہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر

ہفتہ 10 اگست 2019 18:15

چشتیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) اسسٹنٹ کمشنر وایڈمنسٹریٹر بلدیہ چشتیاں میاں سرمد حسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق چشتیاںشہر میں عید الاضحیٰ کے سلسلہ میںہنگامی بنیادوں پر صفائی کے انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ عید کے تین دنوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کیلئے خصوصی اسکواڈ بنادئے ہیں اور دفتر بلدیہ میں شکایت سیل قائم کردیا ہے تاکہ شکایت کو فوری طور پر حل کیا جاسکے،چشتیاں کے علاقہ میں این او سی کے حامل دینی مدارس کے علاوہ کوئی مدرسہ کھالیں جمع نہیں کرسکے گا،چشتیاں میں پہلی بار بلدیہ کی جانب سے تین ہزار آلائش بیگزشہریوں کو مفت تقسیم کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چشتیاں کے مختلف علاقوں ایم پی اے چوک،غریب محلہ،عید گاہ روڈ،قاضی والا روڈ،حسین کالونی سمیت مختلف علاقوں کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران مزید کہا کہ چشتیاں کی میونسپل حدود سے باہر کھالیں خریدنے اور سٹور کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چشتیاں شہر کی تقریبا80مساجد و عید گاہوں میں عید الاضحیٰ کی نماز ادا کی جائے گی۔