ڈیرہ اسماعیل خان،عید الضحیٰ کے تین سو سے زائد اجتماعات پر فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا

ہفتہ 10 اگست 2019 18:17

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہدلاور خان بنگش نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے تین سو سے زائد اجتماعات پر فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا ہے،دوہزار سے زائد پولیس اہلکار زعیدالضحیٰ نماز ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی ہائی الرٹ،ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ،لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جبکہ این او سی کی بغیر کھالیں اکٹھی کرنے اور کھلے عام سری پائے جلانے پر پابندی عائد ہو گی،آلائشوں کوبلدیہ کی جانب سے بنائے گئے عارضی سنٹروں پر ہی تلف کیا جائے گا،شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر عوام کے تعاون کے ساتھ ہی علاقہ میں مثالی امن قائم رکھنے اور فول پروف سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے میں مدد ملی،جبکہ تین سو سے زائد مساجد ومقامات میں نمازعیدالضحیٰ کے لئے دو ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کے علاوہ لیڈی پولیس بھی فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ان میں ڈی ایس پیز، انسپکٹر،سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز ،کانسٹیبلز،لیڈی پولیس اور ٹریفک پولیس، شامل ہیں جبکہ پولیس موبائلز بھی گشت کریں گی۔

عید کے بڑے اجتماعات پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے جائیں گے جبکہ چیکنگ بذریعہ میٹل ڈٹیکٹر ہوگی۔اس کے علاوہ پولیس لائن ڈیرہ میں ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پر بائی نیم تعینات آفیسرز تین شفٹوں میں 24گھنٹے عیدالضحیٰ کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کریں گے اور رپورٹ سے متعلق اعلیٰ افسران کوآگاہ رکھیں گے۔

علاوہ ازیں ان ڈیوٹیوں کی چیکنگ کے لئی6 ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔اہم مقامات بازاروں مارکیٹوں میں مرد وخواتین پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاںلگادی گئیں ہیںجبکہ پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے جوانوں کو بھی شہر کے اہم مقامات پر تعینات کردیاگیا ہے۔ پولیس موبائل پیٹرولنگ میں اضافہ کردیاگیا ہے ضلع بھر کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندیاں سخت کردی گئیں۔

۔عیدالضحیٰ اور عید چاند رات کے دوران رش کے پیش نظر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوٹی انتظامات و روٹ پلانز جاری کردئیے گئے۔عید پر قبرستانوں میں لوگو ں کارش بڑ ھ جاتا ہے۔ اس لئے ان مقامات پر بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اوراسی طرح مارکیٹیں، پر ہجوم پلازہ جات،اہم چوک، تفریحی پارکوں اور بکر منڈیوں کی سکیورٹی کو بھی کسی صورت نظر انداز نہیں کیا گیا۔

خیراتی ادارے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے NOC لئے بغیر قربانی کے جانوروں کی کھالیں اکٹھی نہیں کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں کھلے عام جانوروں کے سری پائے جلانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ جبکہ آلائشوں کوبلدیہ کی جانب سے بنائے گئے عارضی سنٹروں پر ہی تلف کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا عیدالضحیٰ کے موقع پر امن و امان کو قائم رکھنا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہو گی۔

اس کے علاوہ اشتہاریوں اور فورتھ شیڈول کی نقل و حرکت کی نگرانی، اسلحہ کی نمائش، ون ویلنگ اور لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال کی خلاف ورزی کرنے والوں کی خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوزکو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جب تک عیدالضحیٰ کی نماز پڑھ کر آخری نمازی چلا نہ جائے تب تک سکیورٹی پر مامور اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہے گا۔

ڈی پی او ڈیرہ نے شہریوںاور تاجر برادری سے اپیل کی کہ اپنے اردگرد مشکوک افراد ،اشیاء ،گاڑیوں اور بیگز وغیر پر کڑی نظر رکھیں اورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں فورا پولیس کو اطلاع دیں۔انہوںنے عوام سے پرزور اپیل کی وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔شہری موٹرسائیکل کے استعمال کے دوران اپنے موٹرسائیکل کی رجسٹریشن کاپی اور شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں بصورت دیگر بغیر رجسٹریشن اور بلانمبر موٹرسائیکل رکھنے والے افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔