Live Updates

ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہو رہا ہے ،وزیر اعلی خیبر پختو نخوا

ہفتہ 10 اگست 2019 18:20

ملک کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہو رہا ہے ،وزیر اعلی خیبر پختو نخوا
پشاور۔10اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تیمر گرہ دیر لوئر میں عبد الولی خان یونیورسٹی کے کیمپس کو ایک مکمل یونیورسٹی کی حیثیت دینے ، تیمرگرہ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو کیٹگری A کا درجہ دینے اور دیر لوئر میں اراضیات کی سٹلمنٹ (بندوبست) کے مسئلے کو حل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ چکدرہ تا چترال مین شاہرہ سی پیک کا حصہ ہے اور اس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔

۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیر کے تین حلقوں کو یکساں طور پر فائدہ دینے والا منصوبہ گوپلم ایری گیشن سکیم پی ایس ڈی پی میں بھیجا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تحصیل ادنیزئی میں چکدرہ بائی پاس روڈ اور سانام ڈیم منظور شدہ منصوبے ہیں جبکہ وہاں پر انڈسٹریل زون کے قیام کیلئے کوشش کی جائے گی کیونکہ صنعتی ترقی کے ذریعے نوجوان نسل کو روزگار سے آراستہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے دیر لوئر میں بن شاہی لڑم ٹاپ اور دیگر پرفضاء اور سیاحتی مقامات کی ترقی اورعلاقہ میدان میں کیٹگری سی ہسپتال، ایک کالج ، تحصیل کمپلیکس و بازار کی بیو ٹیفکیشن کے منصوبوں کی بھی منظوری دی جبکہ کوٹو کے مقام پر ایک پل کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔ یہ اعلانات انہوںنے ہفتے کے روز اپنے ایک روزہ دورہ لوئر دیر کے موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کرنے کے بعد نئے تعمیر شدہ تیمر گرہ میڈیکل کالج میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام الله، دیر لوئر اور اپر سے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر ملاکنڈ ریاض خان محسود ، سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل، ڈی سی لوئر دیر شوکت علی یوسفزئی اور تمام سرکاری اداروں کے حکام کے علاوہ پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندوں ، تنظیمی عہدیداران اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بطور وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد پہلی دفعہ دیر لوئر کو اپنے ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعلیٰ محمود خان نے تیمر گرہ کے قریب خیمہ کے مقام پر ویمن پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا جس میں خواتین کیلئے بنیادی کورسز اور ٹیکنالوجیز سہولیات اپنے ہی علاقے میں میسر ہوں گی اور مذکورہ انسٹی ٹیوٹ پورے صوبے میں اپنی نوعیت کا تیسرا ادارہ ہے۔

انہوںنے انسٹی ٹیوٹ میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین شجر کاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے رانی کے مقام پر نو تعمیر شدہ تیمرگرہ میڈیکل کالج میں اکیڈمک بلاک اور محمود خان کانفرنس ہال کا بھی افتتاح کیا۔ انہوںنے اس موقع پر یقین دلایا کہ مذکورہ کالج کو جلد چالو کرنے کیلئے باقی ماندہ فنڈ بھی جلد فراہم کئے جائیں گے تاکہ اگلے سال اس میں کلاسز کا اجراء یقینی ہوسکے۔

وزیراعلیٰ نے بلمبٹ میں ڈپٹی کمشنر لوئر دیر کے نئے دفتر کا بھی افتتاح کیاجبکہ تیمر گرہ سٹی میں ضلعی سطح پر ریسکیو1122 کے سنٹر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے تیمر گرہ میڈیکل کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے کیلئے کئی ترقیاتی پیکجز کا اعلان کیا۔ انہوںنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ تین مہینے بعد پورے صوبے میں ہر شہری کو صحت سہولت کا رڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے دیر لوئر کے تمام عوام مستفید ہو سکیں گے۔

انہوںنے مخالفین کی جا نب سے تیمر گرہ بیوٹیفکیشن منصوبے کی سوات منتقلی کی یکسر تردید کرتے ہوئے کہاکہ یہ گزشتہ ادوار میں دیر پر برسراقتدار رہنے والے لوگوں کا بے بنیاد پروپیگنڈہ ہے انہوںنے اس منصوبے کو جلد شروع کرنے کا بھی باضابطہ اعلان کیا۔ انہوںنے تالاش میں تعلیمی اداروں کے مسائل ،جندول ڈگری کالج کو بسوں کی فراہمی اور علاقے میں بجلی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کو جن لوگوں نے گزشتہ ادوار میں بیدردی سے لوٹا ہے آج اٴْن کا کڑا احتساب ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جب مریم بی بی اور اس قوم کی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کے ادارے پکڑ لیتے ہیں تو وہ پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات لگاتے ہیں، حالانکہ اٴْن کو حکومت نے تو گرفتار نہیں کیا بلکہ احتساب کے اداروں نے اٴْن کو احتسابی عمل لاکھڑا کیا ہے۔

اٴْنہوںنے کہاکہ وہ صرف ملاکنڈ ڈویژن کے وزیراعلیٰ نہیں بلکہ پورے صوبے کی ترقی کیلئے یکساں سوچ رکھتے ہیں اور حکومت کا پہلا سال فاٹا انضمام اور اٴْس سے جڑے مسائل کے حل میں گزر گیا جبکہ آئندہ چار سال انشاء الله پورے صوبے کی مجموعی ترقی پر صرف کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی معیشت سابقہ ادوار میں برسراقتدار حکمرانوں نے انتہائی خراب حالت تک پہنچائی اور اٴْن کے کارناموں کی بدولت آج اس ملک کا بچہ بچہ ایک لاکھ 25 ہزار روپے کا مقروض بن گیا۔

انہوںنے یقین دلایا کہ ملک کو درپیش معاشی حالات بہت جلد صحیح سمت کی طرف جائیں گے کیونکہ اس ملک کو اب ایک مخلص قیادت نصیب ہوئی ہے اور وہ اس ملک کا نام بیرونی اور اندرونی سطح پر سرخروکریں گے۔ انہوںنے اس موقع پر ہندوستان کی جانب سے کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں جو مضبوط موقف اختیار کیا ہے ہم اٴْس کو سپورٹ کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دیر کے عوام کو پیغام دیا کہ اٴْن کیلئے اٴْن کے آبائی علاقے سوات اور دیر میں کوئی فرق نہیں ہے بلکہ دیر کے عوام کا اٴْن پر زیادہ حق ہے اور الیکشن میں یہاں کے لوگوں نے پی ٹی آئی پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ ادوار میں اس علاقے پر جو بھی سیاستدان برسراقتدار آئے ہیں انہوںنے اس علاقے کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔

یہی وجہ ہے کہ آج بھی یہاں کے لوگ مسائل میں جکڑے ہوئے ہیں انہوںنے کہا کہ وہ ہر سطح پر کوشش کریں گے کہ دیر کے عوام کو مایوس نہ کیا جائے اور یہاں کے دیرینہ مسائل کو مکمل طو رپر حل کیا جائے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں تیمر گرہ پریس کلب کی منتخب کابینہ سے وزیراعلیٰ نے اٴْن کے عہدوں کا حلف لیا اٴْنہوںنے اس موقع پر پریس کلب کیلئے 50 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا جبکہ پریس کلب کے صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی کے قیام کی یقین دہانی کرائی اور مقامی صحافیوں کیلئے صحت سہولت کارڈ کے اجراء کا بھی اعلان کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات