وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے یورپین ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات

ہفتہ 10 اگست 2019 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) وزیراعظم آذاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے ہفتہ کو یورپین ارکان پارلیمنٹ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی بنا دیا ہے جبکہ کشمیریوں کو گذشتہ پانچ دن سے محصور کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں اخبارات بند ،انٹرنیٹ و فون سروس معطل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کیساتھ نہیں رہنا چاہتے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کشمیریوں کیلئے نفرت کی علامت ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یورپین ارکان پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حکومت پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہیں،کشمیری پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستان ہمارا وکیل اور مستقبل ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ یورپ میں مقیم کشمیریوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کشمیری خواتین سے متعلق بی جے پی لیڈروں کے بیان کی شدید مذمت بھی کی۔