نیب نے عید کے موقع پر شریف خاندان کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی

مریم نواز ، حمزہ شہباز اور یوسف عباس عید الاضحی پر اہل خانہ سے ملاقات کر سکیں گے

ہفتہ 10 اگست 2019 20:55

نیب نے عید کے موقع پر شریف خاندان کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2019ء) نیب نے شریف فیملی کو عید کے موقع پر اہل خانہ سیملاقات کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی حراست میں موجود مریم نواز ، حمزہ شہباز اور یوسف عباس عید الاضحی کے موقع پر اہل خانہ سے ملاقات کر سکیں گے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو نیب نے دو روز قبل کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔

مریم نواز پر چودھری شوگر ملز کیس میں منی لانڈرنگ کے الزامات عائد ہیں جس کی تحقیقات کے لیے نیب نے مریم نواز کو حراست میں لیا ۔ مریم نواز کو گذشتہ روز احتساب عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ان کو 21 اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی 11 جون کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے عبوری ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب نے انہیں حراست میں لے لیا تھا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز آمدن سے زائد اثاثے، منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں نامزد ہیں۔ اس کے علاوہ نواز شریف کے مرحوم بھائی عباس شریف کے صاحبزادے یوسف عباس کو بھی دو روز قبل ہی نیب نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد احتساب عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔ یوسف عباس بھی چودھری شوگر ملز کیس میں نامزد ہیں اور ان پر بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ شریف خاندان کے تینوں افراد اس وقت نیب کی حراست میں ہیں اور ریمانڈ پر ہونے کی وجہ سے ان کی عید الاضحی نیب حراست میںہی گزرے گی تاہم اب نیب نے عید الاضحی کے موقع پر شریف خاندان کے زیر حراست افراد کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔