عید الاضحی کو کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، کیپٹن سید حماد عابد

تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر شہریوں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جائیگی، ڈی پی او جہلم

ہفتہ 10 اگست 2019 22:27

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2019ء) کیپٹن سید حماد عابد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے عید الاضحی کے حوالے سے ضلع پولیس جہلم کی طرف سے کے گئے سیکورٹی انتظامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں 306 مقامات پر عید الاضحیٰ کے اجتماعات ہوں گے جن میں 5 کھلے مقامات، 22 امام بارگاہیں اور 4 احمدیہ عبادت گاہیں شامل ہیں۔

429 پولیس اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جس میں 4ڈی ایس پیز،9انسپکٹرز،20 سب انسپکٹرز، 30 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 26 ہیڈ کانسٹیبلز، 325 کانسٹیبلزاور 15 لیڈی کانسٹیبلز اس کے علاوہ قوم رضاکاران اور والنٹیرزبھی شامل ہیں۔اس حوالے سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیئے گئے ہیں اور جامع سیکورٹی پلان مرتب کر کے جاری کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں 22 اہم اور بڑے مقامات پر گیٹس نصب کیئے گئے ہیں جبکہ تمام انٹری پوائینٹس پر چیکنگ بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر ہوگی۔

ضلع بھر میں 5 سیکشن ایلیٹ فورس،9کیو آر ایف موبائلز اور محافظ سکواڈ کے 25 موٹر سائیکلز مسلسل گشت کرتے رہیں گے۔اس کے علاوہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس لائن میں نفری سٹینڈ ٹو رہے گی۔ضلع جہلم کے خارجی اور داخلی راستوں پر 23پکٹس قائم کی گئی ہیں، تمام مویشی منڈیوں پر پولیس کے اہلکار تعینات ہیں۔جی ٹی روڈ پر ترکی اور نیو پل ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس اور پی ایچ پی کے اشتراک سے مویشی چوری کے انسداد کیلئے چیکنگ جاری ہے۔

چاند رات اور عید کے موقع پر رش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات مکمل کر لیئے گئے ہیں۔فورتھ شیڈیول میں شامل تمام افراد کی کڑی نگرانی جاری ہے، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور لاوڈ سپیکر استعمال کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔تمام پولیس اہلکاران کو ہدایات کی گئی ہیں کی وہ آخری نمازی کے جانے تک اپنا ڈیوٹی پوائینٹ نہ چھوڑیں گے۔عوام الناس قربانی کی کھالیں صرف ان اداروں کو دیں جن کو ضلعی انتظامیہ سے این او سی حاصل کررکھا ہے۔عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کا اولین فریضہ ہے۔جہلم پولیس اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔