Live Updates

وفاقی وزیر ریلوے کاعید الاضحی کے موقع پر کرنٹ ریزرویشن پر سفر کرنے والے مسافروں کیلئے 50 فیصد رعایت کا اعلان

آئندہ پندرہ دن کے اندر اندر ورکشاپس ڈویژنوں میں بائیومیٹرک حاضری شروع ہوجائے گی،وزیر اعظم عمران خان نے ایم ایل ون کا پی سی ون اور فزیبیلیٹی رپورٹ 15 دن کے اندر منظور کروانے کا حکم دیاہے ، مودی کی غلطی کی وجہ سے ہندوستان کا معاشی ، سیاسی ، اقتصادی ، آئینی اور سکولرازم کا جنازہ نکل جائے گا، کشمیر ہمارے خون کا حصہ ہے کشمیر پر جو بجلی گرے گی وہ پاکستان پر گرے گی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 10 اگست 2019 22:42

وفاقی وزیر ریلوے کاعید الاضحی کے موقع پر کرنٹ ریزرویشن پر سفر کرنے ..
لاہور۔10 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر مسافروں کے لیے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیاہے۔ عید الاضحی کے روز جو مسافر کرنٹ ریزرویشن پر سفر کرے گا اُسے 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ یہ رعایت پہلے سے کروائی گئی بکنگ پر لاگو نہیں ہوگی۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ سندھ ایکسپریس کو روہڑی کی بجائے ملتان تک لے کرجارہے ہیں اس کا باقاعدہ افتتاح عید کے بعد کروں گاکیونکہ اس وقت پسنجرز کا بہت لوڈ تھا اس لیے ملتان تک جانے کی اجازت دیدی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ دن کے اندر اندر ورکشاپس ڈویژنوں میں بائیومیٹرک حاضری شروع ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

جو اہل کار اس پر پورا نہیں اترئے گا اس کو تنخواہ نہیں ملے گی اور اسے نوکری سے فارغ بھی کردیاجائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزارتِ پلاننگ کو حکم دیاہے کہ ایم ایل ون کا پی سی ون اور فزیبیلیٹی رپورٹ 15 دن کے اندر اندر منظور کروائی جائے۔ چین سے دوستی اور محبت کی بناء پر وزیر اعظم عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو جو عزت اور مقام حاصل ہوا ہے اس کی وجہ سے ہم ایم ایل ون کو تین مختلف مقامات سے اچھی ٹرمز اینڈکنڈیشنز پر شروع کریں گے کیونکہ ریلوے میں حیدر آباد ، ٹنڈو آدم، نواب شاہ، روہڑی کے درمیان ہمیں کافی مسائل ہیںاور یہ صرف ایم ایل ون سے ہی دور ہو سکتے ہیں۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کااہم کردار ہے۔ 13 اگست آزادی کی رات میں 12 بجکر 1 منٹ پر لال حویلی سے خطاب کروں گا۔ پندرہ کو لندن سے خطاب کروں گا اور 14 اگست کو مانچسٹر سے خطاب کروں گا۔ عید کے بعد چکوٹھی اور وادی نیلم کا دورہ کروں گا۔ کشمیریوں نے اپنے خون سے آزادی کی شمع کو روشن کیا ہے اور یہ روشن رہے گی۔

پاکستان کی کشمیر کے ساتھ کمنٹمنٹ ہے کہ وہ پاکستان کے لیے جی اور مررہے ہیں۔ کشمیر پر جتنا کشمیریوں کا حق ہے اتنا پاکستان کا بھی حق ہے ۔ مودی کی غلطی کی وجہ سے سری نگر ہندوستان کا معاشی ، سیاسی ، اقتصادی ، آئینی اور سکولرازم کا جنازہ نکل جائے گا۔ لال چوک قبرستان بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے غلط فیصلے کی وجہ سے آنکھیں کھلی رکھنی ہیں اور جاگتے رہنا ہے سارے پاکستانیوں سے کہتا ہوں جاگتے رہنا۔

تمام نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ عید الاضحی کے بعد جیسے جیسے کالجز اور یونیورسٹیاں کھلیں کشمیری بھائیوں کے لیے آواز بلندکریں۔ پاکستان کے تمام طالبعلموں سے میری اپیل ہے کہ کشمیر کی آزادی میں اپنا حصہ ڈالیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ عیدقربان پر بھی کشمیری نکلیں گے جیسے جمعہ کونکلے تھے اور یہ تحریک آہستہ آہستہ ویسے ہی اٹھے گی جیسے تحریک مقدس موئے مبارک اٹھے تھی۔

کشمیری انتہائی قابل قوم ہیں وہ اس تحریک کو آہستہ آہستہ پوری دنیاتک لے جائے گی اور جس نے کشمیر پر غاصانہ قبضہ کرکے شملہ معاہدہ کو ختم کیا، کنٹرول لائن کو ختم کیا، سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسخ کیا اُس کو اِس کی قیمت دینا ہوگی۔ شاید ہمارا قرض اتارنے کا وقت آگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کی باتیں نہیں کررہے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی کیونکہ اب ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے سوچ سمجھ کر سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس کو بند کیاہے اور بھارتی وزارتِ خارجہ نے اس کوچلانے پر ہم سے نظر ثانی کا کہا ہے میں اس کو مسترد کرتاہوں، فیصلہ فارن آفس کرے گا۔ جب تک میں ریلوے منسٹر ہوں سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس نہیں چلے گی۔ آج تک کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزادی سے کشمیرکے مسئلہ کو یہاں تک لے آئے ہیں۔ 13 اگست کو لال حویلی سے فائنل تقریر کروں گا کیونکہ لال حویلی کا لال چوک سے خونی رشتہ ہے۔ کشمیر کی جتنی بھی قیادت جیلوں میں ہے میں اس کی سخت مذمت کرتاہوں۔ مذاکرات کے تمام دروازے بند ہوگئے ہیں اب وقت آگیاہے کہ ہم نے یہ ثابت کرنا ہے کہ کشمیر ہمارے خون کا حصہ ہے اور کشمیر پر جو بجلی گرے گی وہ پاکستان پر گرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات