کینیڈا کی تیسری بڑی سیاسی جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی کا لبرل حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا مطالبہ

اتوار 11 اگست 2019 14:20

کینیڈا کی تیسری بڑی سیاسی جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی کا لبرل حکومت سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2019ء) کینیڈا کی تیسری بڑی سیاسی جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی نے لبرل حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرے،س نیو ڈیموکریٹک پارٹی نے کینیڈا کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھارت کی حکومت سے اپنے خدشات کا اظہار کرے اور مقبوضہ کشمیر کی خودمختار حیثیت کے خاتمے کیلئے آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی پر احتجاج کرے۔

کینیڈا سے موصولہ پیغام کے مطابق جگمیت سنگھ کی زیرقیادت سیاسی جماعت کے خارجہ امور کے ناقد گوائے کیرون نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دنوں کے دوران بھارتی حکومت کے کریک ڈائون کی اطلاعات پر نیو ڈیموکریٹس کو شدید تحفظات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی حکومت نے حال ہی میں بھارتی آئین میں ترمیم کر کے آرٹیکل 370 منسوخ کیا ہے جو کشمیر کی خودمختاری کا ضامن تھا، اس کے علاوہ بھارتی وزیراعظم نے کشمیر کی سیاسی قیادت کی گرفتاری، مقبوضہ وادی میں ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس کی بندش اور پرامن اجتماع پر پابندیاں عائد کی ہیں جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور سول سوسائٹی کے دیگر گروپس کی طرح نیو ڈیموکریٹس پارٹی کو ان اقدامات پر شدید تحفظات ہیں جس سے مقبوضہ کشمیر میں مزید انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام طاقت کے ناجائز استعمال، جبری قید و بند سمیت کرفیو اور مواصلات کی سہولتوں کی عدم دستیابی کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں۔ این ڈی پی نے کینیڈا کی حکومت پر زور دیا کہ بھارتی حکام سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کرے۔