وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے عیدالاضحی "آزاد کشمیر" میں منانے کا فیصلہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نماز عید مرکزی عید گاہ مظفرآباد آزاد کشمیر میں ادا کریں گے‘ عیدِ کے روز مظفرآباد میں اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت بھی کریں گے‘ دفتر خارجہ

اتوار 11 اگست 2019 17:20

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے عیدالاضحی "آزاد کشمیر " میں منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے وزیر خارجہ کے دورہ آزاد کشمیر کی تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مظفرآباد آزاد کشمیر کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، وزیر خارجہ کوہالہ میں مختصر قیام کے دوران اتوار کی شام پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جس میں وہ اس دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نماز عید مرکزی عید گاہ مظفرآباد آزاد کشمیر میں ادا کریں گے۔ وزیر خارجہ عیدِ کے روز مظفرآباد میں اظہارِ یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ اپنے دورہ آزاد کشمیر کے دوران مظفرآباد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے کیمپ کا بھی دورہ کریں گے اور آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے لائحہ عمل سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ، آزاد کشمیر میں کشمیری حریت قیادت کے ساتھ بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ نے کل تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو پریس کانفرنس کے ذریعے دعوت دی ہے کہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سب اکھٹے ہو جائیں۔