ملتان شہر میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی آپریشن تسلی بخش رہا۔کمشنرملتان

منگل 13 اگست 2019 16:20

ملتان ۔13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین عملی انتظامات کرنے بارے انتطامیہ متحرک رہی۔ کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے شہر میں صفائی انسپکشن کیلئے عید کے دونوں روز ہنگامی دورے کیے اور گلی محلوں اور شاہراہوں پر آلائشیں اٹھانے کے عمل کا جائزہ لیا.انہوںنے سینٹری ورکرز سے عید ملی اور انکی حوصلہ افزائی کی۔

افتخار سہو نے ملتان میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے شہر میں فعال سیکٹر کیمپس کا بھی دورہ کیا اور شہر میں صفائی کی صورتحال بارے بریفنگ لی۔کمشنر نے کہا کہ عید الضحی کے دونوں روز ڈویژن بھر میں صفائی کی صورتحال مثالی رہی.عید الضحی کے پہلے روز ڈویژن بھر سے 5000 ٹن سے زائد آلائشوں کو تلف کیا گیا اور عید الضحی پر ڈویژن کو آلائشوں سے پاک رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گئی. انہوں نے کہا کہ ملتان شہر میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی آپریشن تسلی بخش رہا۔

(جاری ہے)

کسی کالعدم تنظیم کو کھالیں جمع کرنے نہیں دیں گے اور صرف ضلعی انتظامیہ کے این او سی کے حامل ادارے کھالیں جمع کر سکے۔ کمشنر نے کہا کہ مثالی صفائی پر سینٹری ورکرز کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔کمشنر نے شہریوں کا بھی صفائی مہم میں انتطامیہ کا ساتھ دینے اور کمپنی اور انتطامیہ کی جانب سے دیے گئے شاپروں میں آلائشیں ڈالنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں کمشنر ملتان و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن افتخار سہو کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن ٹیم نے واٹر ورکس روڈ اور اطراف میں کھالوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جبکہ سڑک کے اطراف میں جانوروں کے سری پائے جلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ اس موقع پر متعدد تندور اور انگیٹھیاں قبضے میں لے لی گئیں.