بھارت عید الاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی پابندیوں میں نرمی کرے‘ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر جانوروں کی قربانی کرنے دے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ریڈیو پاکستان سے گفتگو

منگل 13 اگست 2019 16:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی پابندیوں میں نرمی کرے اورکشمیری عوام کو آزادانہ طور پر جانوروں کی قربانی کرنے دے۔ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان کا یوم آزادی مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2016 میں برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف بلند حوصلے اورعزم کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو اور پابندیوں کے باعث تمام ملکوں نے سفری ہدایات جاری کی ہیں جس کے نتیجے میں سیاحت کا کاروبار ختم ہوگیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری دنیا میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں جو آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کشمیری نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس احتجاج میں حصہ لے رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے منظم نسل کشی کی جارہی ہے۔