Live Updates

کشمیر ہم سے جدا نہیں اور نہ ہی ہم کشمیر سے جدا رہ سکتے ہیں، یہ عارضی لکیریں دلوں کے فاصلے نہیں بڑھا سکتیں، کشمیریوں کے حوصلے چٹانوں کی طرح اتنے بلند ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، 70 سال کی بربریت کے باوجود یہ حوصلہ اور عزم کم اور پست نہیں ہوا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوہالہ پل پر میڈیا سے گفتگو

منگل 13 اگست 2019 17:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر ہم سے جدا نہیں اور نہ ہی ہم کشمیر سے جدا رہ سکتے ہیں، یہ عارضی لکیریں دلوں کے فاصلے نہیں بڑھا سکتیں، کشمیریوں کے حوصلے چٹانوں کی طرح اتنے بلند ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، 70 سال کی بربریت کے باوجود یہ حوصلہ اور عزم کم اور پست نہیں ہوا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کوہالہ پل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہم سے جدا نہیں اور نہ ہی ہم کشمیر سے جدا رہ سکتے ہیں، یہ عارضی لکیریں دلوں کے فاصلے نہیں بڑھا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے سنگین مظالم، جبر اور کرفیو صبر و حوصلے سے جھیلا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد کی داستان بہت طویل ہے، کشمیری شہداء کی تعداد ان گنت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے چٹانوں کی طرح اتنے بلند ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی، 70 سال کی بربریت کے باوجود یہ حوصلہ اور عزم کم اور پست نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کیا آپ کا خیال ہے کہ آئین کی دو شقوں سے کشمیریوں کا ذہن بدل جائے گا ہرگز ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عید قربان ہے اور کشمیریوں کی تاریخ قربانیوں کی تاریخ ہے، اس عید کو ہم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 14 اگست کو آزاد جموں و کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کے عالمی سطح پر سامنے آنے سے گھبراتا تھا تاہم مودی کے اس اقدام سے یہ مسئلہ بین الاقوامی سطح پر انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے، ہندوستان کی اس حرکت اور فیصلے سے کشمیریوں میں جو فاصلے تھے وہ مٹ گئے ہیں، آج آزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کا بچہ بچہ نوجوان اور بوڑھا سب کہہ رہے ہیں ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران کشمیر سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی گئی، اس قرارداد پر بحث سمیٹتے ہوئے میں نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 14 اگست کو یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والے لوگوں میں جہاں پاکستان کا ذکر ہے وہاں کشمیر بنے گا پاکستان کا ذکر بھی ہے جو کہ ہمارے عزم کا عکاس ہے، اس عزم کی تجدید کے لئے میں کوہالہ پل پر آیا ہوں اور آج پیر کو عید قربان کشمیریوں کے ساتھ منائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری اور انسانی حقوق کے علمبردار دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں کہ وہ جاگیں اس سے قبل کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں خون کا نیا باب لکھا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات