انشاءاللہ اچھا وقت ضرور آئےگا: سرفراز کا عید پر کشمیریوں کو پیغام

اللہ تعالی سے اس مشکل گھڑی سے کشمیری بھائیوں کو جلد نجات فراہم کرے:کپتان قومی ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 14 اگست 2019 10:35

انشاءاللہ اچھا وقت ضرور آئےگا: سرفراز کا عید پر کشمیریوں کو پیغام
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2019ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آج کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنے کا دن ہے، اللہ تعالیٰ کشمیری بھائیوں کی مشکلات کو آسان کرے۔نماز عید الاضحیٰ کے بعد کشمیری عوام کیلئے اپنے پیغام میں سرفراز احمد نے کہا کہ ”پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، آپ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے،قومی کپتان نے مزید کہا کہ ہم اللہ پاک سے یہی دعا کریں گے کہ آپ لوگوں پر جو مشکل وقت آیا ہے اللہ آپ کو اس سے نکالے اور انشاءاللہ اچھا وقت ضرور آئےگا“۔

یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنےکا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیر انتظام دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے۔

بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے ہیں۔پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کی بھرپور مخالفت کی اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر یہ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی اقدم کےخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کےساتھ تجارتی تعلقات ختم اور سفارتی تعلقات محدود کرنےکا فیصلہ کیا گیا جسکے بعد پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنےکا حکم دیا گیا۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس ہمیشہ کےلئے بند کرنے کا اعلان کیا تو وہیں اب لاہور سے دہلی جانےوالی دوستی بس سروس اور لاہور سے امرتسر جانے والی امرتسر بس سروس بھی بند کردی ہے۔