مقبوضہ کشمیر کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کی بھارتی سازش بے نقاب ہو گئی

بھارتی فوج نے اپنے علاقے میں جعلی کارروائی کی منصوبہ بندی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 اگست 2019 11:29

مقبوضہ کشمیر کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کی بھارتی سازش بے نقاب ہو گئی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2019ء) : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے نئی سازشیں کرنا شروع کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم سے عالمی توجہ ہٹانے کی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ جارحیت پسند بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اب نئے ڈرامے کی تیاری کر لی ہے۔ جس کے تحت بھارتی فوج نے اپنے ہی علاقے میں جعلی کارروائی کی منصوبہ بندی کر لی۔

اس حوالے سے مقبوضہ علاقے میں پاکستانی جھنڈا لگا کر جعلی جھڑپ کی تیاری کر لی گئی ہے۔ بھارت کے گھناؤنی منصوبہ بندی کے مطابق اس جعلی کارروائی کو بعد میں لائن آف کنٹرول کے اُس پار آپریشن قرار دیا جائے گا۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر خود ساختہ جھڑپ کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی تو پاکستان نے بھی بھارت کے حوالے سے کچھ سخت فیصلے کیے جن میں تجارتی تعلقات ختم اور سفارتی تعلقات محدود کرنے کے ساتھ ساتھ بھارتی سفیر کو ملک بدر کرنا بھی شامل تھا۔

مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کشیدہ ہونے پر بھارتی سفارتخانے کے 13 اہلکار بھی پاکستان چھوڑ گئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے سخت مؤقف اپنائے جانے کے بعد بھارت کے ہوش ٹھکانے آئے اور بھارت نے پاکستان سے ان فیصلوں پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔ تاہم دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید کشیدہ ہونے کے خدشے نے بھارتی سفارتکاروں کو بھی واپس بھارت روانہ ہونے پر مجبورکر دیا تھا۔

جبکہ دوسری جانب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم جاری رکھے اور کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دئے جس پر پاکستان نے عالمی برادری کی توجہ اس مسئلے کی جانب بارہا مبذول کروائی۔ تاہم اب مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک گھناؤنی سازش تیار کر لی ہے جو بے نقاب بھی ہو گئی ہے۔