گن کنٹرول کیلئے ’عام فہم‘ اقدام ضروری ہے، صدر ٹرمپ

بدھ 14 اگست 2019 11:55

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’عام فہم‘‘ حل کا سہارا لے کر پرتشدد واقعات میں بندوق کا استعمال روکا جا سکتا ہے، ایسے میں جب حالیہ دنوں کے دوران حملوں کے واقعات میں متعدد ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ طاقتور ’نیشنل رائفل ایسو سی ایشن‘ کے خیالات کو زیر غور لانا چاہیے، جو ایک عرصے سے گن کنٹرول کے خلاف رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کو ضرورت اس بات کی ہے کہ معنیٰ خیز ’بیک گراؤنڈ چیک‘ پر عمل درآمد ہو، تاکہ ’’بیمار ذہن کے لوگ بندوق نہ رکھ سکیں‘‘۔وائٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ ’’صاف صاف عرض کروں کہ ہمیں دانشمندانہ قسم کے ’بیک گراؤنڈ چیکس‘ کی ضرورت ہے۔ یہ این آر اے، ریپبلیکن یا ڈیموکریٹ کا سوال نہیں ہے‘‘۔ واضح رہے کہ گذشتہ اختتام ہفتہ ٹیکساس کے شہر ال پاسو اور اوہائیو کے شہر ڈیٹن میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک ہوئے، جس سے اسلحہ رکھنے کی پالیسی پر قومی بحث کا پھر سے آغاز ہوگیا ہے۔