پاکستان کے خلاف جنگ کے حق میں ٹویٹ، پریانکا چوپڑا کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا

لاس اینجلس میں ہونے والی ایک تقریب میں پاکستانی نژاد لڑکی نے پریانکا چوپڑا کو منافق قرار دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 14 اگست 2019 12:54

پاکستان کے خلاف جنگ کے حق میں ٹویٹ، پریانکا چوپڑا کو ایک مرتبہ پھر تنقید ..
لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 اگست 2019ء) : پاکستان کے خلاف جنگ کے حق میں ٹویٹ کرنا بالی وڈ کی فلمسٹار پریانکا چوپڑا کو مہنگا پڑ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں ایک پاکستانی نژاد لڑکی نے بالی وڈ فلمسٹار پریانکا چوپڑا کو منافق قرار دے دیا۔ تقریب کے دوران پاکستانی نژاد عائشہ ملک نامی نے پریانکا چوپڑا کی ماضی کی پاکستان سے جنگ کے خلاف ٹویٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بہت ہی کم ہوا کہ ہے کہ آپ نے امن اور انسانیت کی بات کی ہو کیوں کہ ایک پڑوسی پاکستانی ہونے کے ناطے میں جانتی ہوں کہ آپ ایک منافق ہیں۔

آپ نے ٹویٹر پیغام جاری کیا اور اس میں اپنی آرمی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
عائشہ ملک نے پریانکا چوپڑا سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ یونیسیف کی سفیر برائے امن ہیں اور پھر بھی آپ پاکستان کے خلاف ایٹمی جنگ کے خلاف اُکسا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ہوا کچھ یوں کہ عائشہ ملک کے اتنا کہنے پرہی تقریب کی منتظمین اور سکیورٹی نے عائشہ ملک سے مائیک واپس لیا اور انہیں اپنی بات پوری کرنے کا موقع نہیں دیا گیا جس کے بعد سے ہی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پریانکا چوپڑا کے خلاف تنقید بھرے ٹویٹس آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پریانکا چوپڑا پر تنقید کا سلسلہ بڑھا تو یونیسیف سے مطالبہ کیا جانے لگا کہ پریانکا چوپڑا کو امن کے سفیر کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔ جس کے بعد پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی یونیسیف سے یہی مطالبہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یونیسیف کو چاہئیے کہ بھارتی افواج اور مودی کی بدقماش حکومت کی حمایت پر پریانکا چوپڑا کو فوری طور پر انہیں اعزازی سفیر کے عہدے سے سبکدوش کرے۔ بصورتِ دیگر یہ اس طرح کے اہم عہدے کے ساتھ ایک مذاق ہوگا۔ یونیسیف کو اس طرح کے اہم اعزازی عہدوں کے لیے لوگوں کا انتخاب کرتے ہوئے مزید احتیاط اختیار کرنا چاہئیے۔