Live Updates

ہٹ دھرم بھارت ٹینس پلیئرز پاکستان بھیجنے کے وعدے سے مکر گیا

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے ڈیوس کپ ٹائی کے میچز کا مقام کسی اور ملک منتقل کرنے کا مطالبہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ اگست 13:42

ہٹ دھرم بھارت ٹینس پلیئرز پاکستان بھیجنے کے وعدے سے مکر گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اگست 2019ء) مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کی انتہاکرنے والا بھارت ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ڈیوس کپ ٹائی کیلئے اپنے ٹینس پلیئرز پاکستان بھیجنے سے وعدے سے مکر گیا اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے میچز کو پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے پاکستان کیساتھ کشیدگی بڑھانے کے ذمہ دار بھارت نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن سے ڈیوس کپ ٹائی کے میچز کا مقام کسی اور ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایشین اوشیانا گروپ ون کے ٹائی مقابلے اسلام آباد کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں 14 اور 15 ستمبر کو شیڈول ہیں ، جس میں شرکت کیلئے بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا وعدہ کیاتھااور جولائی میں کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کی تصدیق کی اوربعدازاں اپنی ٹیم کا اعلان بھی کردیاتھاتاہم اب اچانک میچز کا وینیوتبدیل کرنے کامطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر پراوین مہاجن نے بتایا کہ ہم نے آئی ٹی ایف سے ڈیوس کپ ٹائی کے میچز کیلئے غیر جانبدار مقام کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس وقت صورتحال غیر متوقع ہے ،انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے رواں ہفتے ہماری درخواست کا جواب دیاجائیگا۔ واضح رہے کہ بھارت کی ٹینس ٹیم نے ڈیوس کپ ٹائی کیلئے 55 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا تھا ،بھارتی ٹیم 1964ءمیں آخری مرتبہ پاکستان آئی تھی جبکہ 2006 ءمیں پاکستان نے ممبئی میں میچز کھیلے تھے۔
مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری ختم سے متعلق تازہ ترین معلومات