کشمیریوں کی حمایت میں آواز اُٹھانے پر ظالم بھارتی سرکار بوکھلا گئی

بھارتی وزارت داخلہ نے ٹویٹر انتظامیہ سے درخواست کر دی کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹ بند کر دیئے جائیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 اگست 2019 14:21

کشمیریوں کی حمایت میں آواز اُٹھانے پر ظالم بھارتی سرکار بوکھلا گئی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اگست2019ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پُکار میں اور تیزی آ گئی ہے۔ اس وقت تحریک کشمیر ایک فیصلہ کُن موڑ پر پہنچ چکی ہے۔ نہتے اور مظلوم کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے جہاں ایک طرف کشمیر میں مزید ہزاروں فوجی بھیج دیئے گئے ہیں تاکہ کشمیریوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا کر اُنہیں پوری طرح سے کچل کر رکھ دیا جائے۔

مگر اس معاملے میں خون کی پیاسی بھارتی فوج پوری طرح ناکام نظر آ رہی ہے۔ بھارتی سرکار کو اس وقت سوشل میڈیا کے محاذ پر بھی کڑی تنقید کا سامنا ہے۔ دُنیا بھر سے سوشل میڈیا صارفین کشمیر میں ہونے والی ظلم و زیادتی کو دبانے کے لیے آوازیں اُٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں مودی سرکار نے ٹویٹر انتظامیہ سے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اُٹھانے پر آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹس بند کرنے کی درخواست کی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ان آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹس میں نامور اینکر ارشد شریف کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔ تاہم ابھی تک اس معاملے میں بھارتی انتظامیہ کو کامیابی نہیں مِل سکی۔ بھارت کی جانب سے جن آٹھ ٹویٹر اکاؤنٹس کو بند کرنے کی درخواست کی گئی ہے ان میں ارشد شریف، مدیحہ شکیل، اور حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ان اکاؤنٹس کے ذریعے بھارتی مظالم کو دُنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کے سامنے آشکار کیا جا رہا ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے سندیپ متل نے اس حوالے سے ٹویٹ بھی کیا ہے کہ ہم نے ٹویٹر انتظامیہ سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے مذکورہ بالا اکاؤنٹس بند کرنے کی درخواست کی تھی ، تاہم تین اکاؤنٹس ابھی بھی فعال ہیں۔ جن میں اے آروائی نیوز کے اینکر پرسن ارشد شریف کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔اس حوالے سے اینکر پرسن ارشد شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کے اس عمل سے اس کی بوکھلاہٹ آشکار ہورہی ہے ، بھارت کو پریشانی ہے کہ انہوں نے کشمیر میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اور میڈیا کو رپورٹنگ کی اجازت نہیں پھر کس طرح پاکستان کا میڈیا ان کے ظلم وجبر کو سامنے لارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی حرکتوں سے بھارت مزید بے نقاب ہوتا چلا جائے گا اور ایک دن بالآخر عالمی برادری بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھ لے گی۔