پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے کاروباری طبقہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہیگا، چیئرمین پیاف

بدھ 14 اگست 2019 14:55

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ ہمارا پیارا وطن پاکستان لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے، پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے کاروباری طبقہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کا کاروباری طبقہ اورعوام کشمیر یوںپر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز بھارتی مظالم کی بھر پور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی بزنس کمیونٹی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا، آئیں اس سال یوم یکجہتی کشمیرکی سوچ کے ساتھ پاکستان کی آزادی کی خوشیاں منائیں۔

چیئرمین پیاف نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کو مجبور کرے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لے اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو فورا بند کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کی معیشت اور سا لمیت کمزور کرنے سے متعلق دشمنان کا ایجنڈا کسی طور بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی اورمعیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور معاشی استحکام متاثر نہیں ہونے دے گی، معاشرتی و معاشی لحاظ سے ایک مضبوط پاکستان ہی دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔

چیئر مین پیاف میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان کی بقا ، سلامتی اورملکی تحفظ کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔