Live Updates

پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے حصول تک ہر قدم پر حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے کا نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

بدھ اگست 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تشدد کی شدید مذمت کرتی ہے، مودی دورِ حاضر کا ہٹلر ہے۔ اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی قدر وقیمت کا اندازہ کرنا ہے تو مقبوضہ کشمیرکے نہتے کشمیریوں کو دیکھیے جو گذشتہ 70سال سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، اگرتحریکِ پاکستان کے تحت قائداعظم نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر تشکیلِ پاکستان کا کارنامہ انجام نہ دیا ہوتا تو آج ہمارا بھی وہی حال ہونا تھا جو کشمیر سمیت اُن مسلمانوں ، عیسائیوں اور غیر ہندوئوں کا ہو رہا ہے جو بھارت میں رہنے پر مجبور ہیں، ہمیں آزادی کی اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ قائداعظم، علامہ اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، سرسید احمد خان اور تحریکِ آزادی کے اُن تمام مخلص رہنمائوں کو یاد کرتے رہنا چاہیے جنہوں نے ہماری نسلوں کیلئے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم پاکستان کے مشیر علی نواز اعوان نے نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد میں پاکستان کی 72ویں جشنِ آزادی کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن جشنِ آزادی کے ساتھ ساتھ کشمیر کے ساتھ اظہاریکجہتی کا دن بھی ہے تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور کشمیر کی ریاستی حیثیت ختم کرنے والے یکطرفہ بھارتی اقدام کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ آزادی کے حصول تک ہر قدم پر اُن کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی دورِ حاضر میں ہٹلر جیسا سفاکانہ کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان سمیت پوری مہذب دنیا اس اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی فضائوں میں آزادی کا پرچم لہرائے گا کیونکہ کشمیریوں کا مسلسل بہتا ہوا خون اب رنگ لانے والا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کونسل کی روایتی پرچم کشائی تقریب میں پاکستانی پرچم لہرا کر جشنِ آزادی کی تقریبات کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آزاد کشمیر کا پرچم بھی خصوصی طور پر لہرایا گیا۔ تقریب میں شریک مہمانوں نے تحریکِ پاکستان کے زمانے میں قائداعظم کی سیاسی مصروفیات پر مبنی تاریخی اور نادر تصاویر کی نمائش دیکھی جو ایک ہفتے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس بینڈ نے معروف قومی نغموں کی دھنیں بجا کر ماحول کو پاکستان زندہ باد کے نعروں سے سرشار کیا۔
مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری ختم سے متعلق تازہ ترین معلومات