Live Updates

بھارتی بربریت نے کشمیریوں کا جذبہ جہاد شدید کر دیا، ، چودھری پرویزالٰہی

بدھ 14 اگست 2019 19:35

لاہور۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت کی بربریت اور حالیہ اقدام نے کشمیریوں کا جذبہ جہاد شدید کر دیا ہے اور ان کی آزادی کی منزل قریب ہے، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کشمیری نوجوان کلمہ طیبہ کے ساتھ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں اور وہ پاکستانی پرچم اٹھا کر اپنے سینوں میں گولیاں کھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے تحریک پاکستان میں جو قربانیاں دی ہیں اور اس کے بعد ہماری مسلح افواج، سکیورٹی اداروں اور عام شہریوں نے مادرِوطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے جس طرح اپنی جانیں قربانی کی ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم آزادی کی قدر و قیمت جانتے ہیں اور اس کیلئے ہر قربانی دے سکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی شہ رگ کشمیر کے مسئلہ پر آج وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام ایک پیج پر ہیں، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آرمی چیف اور عمران خان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر رہے ہیں اور وفود بھی بیرون ملک بھیجے جا رہے ہیں، تمام عالمی برادری بالخصوص مسلمان ممالک کے سربراہوں، لیڈروں، او آئی سی اور مسلم امہ کو چاہئے کہ بھارتی بربریت کی صرف مذمت ہی نہ کریں بلکہ اس پر عملی طور پر سامنے آنے کی ضرورت ہے، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستانی پرچم اٹھا کر سینہ میں گولیاں کھانے والے کشمیری نوجوانوں کا لہو ہمیں پکار رہاہے کہ ہم اپنے ذاتی، سیاسی مفادات کے بجائے قومی جذبہ سے متحد ہوجائیں اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کیلئے آگے بڑھیں،انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا عالمی برادری کا فرض ہے، اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ بھارت سے اس کے وعدوں پر عمل کرائے، انہوں نے کہا کہ 70 سال سے کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے لیکن اب آزادی کی جدوجہد نوجوانوں کے پاس آ گئی ہے جو کرفیو توڑ کر پاکستانی پرچم اٹھائے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات