پاک فوج کو بین الاقوامی قوانین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں اُتارے جانے کا مطالبہ کر دیا گیا

شرعی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت پاک فوج مقبوضہ کشمیر میں اُتاری جائے:حافظ نعیم الرحمن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 14 اگست 2019 23:00

پاک فوج کو بین الاقوامی قوانین کے تحت مقبوضہ کشمیر میں اُتارے جانے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اگست2019ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج کا دن اس عہد اور عزم کا دن ہے کہ پاکستان قائم اور دائم رہے گا اور ہم کشمیر کو آزاد کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو حالات پیدا کر دیئے ہیں اور جو عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں اور کی جا رہی ہیں ان سب کے بعد اب شرعی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ضروری ہو گیا ہے کہ پاکستان کی افواج پیش قدمی کریں اور پاکستان مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے تحفظ کے لیے اپنی فوج مقبوضہ کشمیر میں اُتا دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں حکمران طبقے کی جانب سے مایوسی پھیلانا ،معذرت خواہانہ اور بزدلانہ بیانات ملک و قوم اور اہل کشمیر کی کوئی خدمت نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ایمان ، غیرت اور حمیت رکھنے والے ایسی باتیں نہیں کیا کرتے اس لیے وزیر خارجہ اپنا بیان واپس لیں، اپنا رویہ درست کریں یا وہ منصب اور مقام چھوڑدیں جو ان کو حاصل ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،مودی نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے جو کچھ کیا ہے پوری قوم نے اس کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کیا ہے اور یہ بھی واضح کیا ہے کہ اہلِ پاکستان اہل کشمیر کے ساتھ ہیں،حکمران خواہ کوئی بھی رویہ اختیار کریں عوام کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے عوام امت کے جسد ِ واحد ہونے کے تصور پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ کو ان حالات میں ایسی مایوسی کی باتیں کرنے سے گریز کرنا چاہیئے ،پوری قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے اور آزادیٔ کشمیر کی تحریک کی حمایت جاری رکھے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن پوری قوم نے اہل کشمیر کے نام کیا ہے،بھارت اپنی تمام تر فوجی قوت اور ریاستی جبر و تشدد کے باوجود مقبوضہ کشمیر پر اپنا قبضہ زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رکھ سکے گا ،کشمیر آزاد ہو گا اور پاکستا کا حصہ بنے گا۔