سعودی عرب کا بھارت میں 75 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ

سعودی کمپنی آرامکو کی جانب سے بھارتی کمپنی ریلائنس کے 20 فیصد شیئرز خریدے جائیں گے، یہ بھارت کی تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری ہوگی

muhammad ali محمد علی بدھ 14 اگست 2019 23:33

سعودی عرب کا بھارت میں 75 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2019ء) سعودی عرب کا بھارت میں 75 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ، سعودی کمپنی آرامکو کی جانب سے بھارتی کمپنی ریلائنس کے 20 فیصد شیئرز خریدے جائیں گے، یہ بھارت کی تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے زور و شور سے نشر کی جانے والی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسلامی خلیجی ملک سعودی عرب بھارت میں اس کی تاریخ کی سب سے بڑی بیرونی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے سب سے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے ریلائنس گروپ اور سعودی آئل کمپنی آرامکو کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ مکیش امبانی کا دعویٰٰ ہے کہ سعودی کمپنی آرامکو کی جانب سے ریلائنس کے 20 فیصد شیئرز کی خریداری کی جائے گی۔

(جاری ہے)

آرامکو ریلائنس کے کیمیکل شعبہ میں 75 ارب ڈالرز تک کی سرمایہ کاری کرے گی۔ اس سرمایہ کاری کے تحت سعودی عرب کی جانب سے یومیہ بنیاد پر 5 لاکھ بیرل خام تیل بھارت بھیجا جائے گا۔

یہ خام تیل ریلائنس کی آئل ریفائنری منتقل کیا جائے گا جو یومیہ 14 لاکھ بیرل خام تیل پراسیس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارتی میڈیا سعودی عرب کی اس سرمایہ کاری کو مسئلہ کشمیر کے تناظر میں پاکستان کیخلاف استعمال کر رہا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پاکستانی اور دیگر اسلامی ممالک کے سوشل میڈیا صارفین اس خبر پر خاصے سیخ پا ہیں۔ خاص کر پاکستانی اور کشمیریوں کی جانب سے سعودی عرب کی اس مبینہ سرمایہ کاری پر مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاہم 75 ارب ڈالرز کی اس سرمایہ کاری کے حوالے سے تاحال سعودی حکومت کی جانب سے کسی قسم کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔