محکمہ موسمیات کی جمعرات سے ہفتہ کے دوران ملک میں تیزہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارش کی پیشگوئی

جمعرات 15 اگست 2019 13:53

محکمہ موسمیات کی جمعرات سے ہفتہ کے دوران ملک میں  تیزہوائوں، آندھی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ہفتہ کے دوران ملک میں تیزہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب، زیریں سندھ، میرپوخاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی ڈویژن، ژوب، سبی، قلات ڈویژن، اسلام آبا د، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح (آج) جمعہ سے ہفتہ کے دوران ملک کے بالائی علاقوں، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثرمقامات پر جبکہ وسطی، جنوبی پنجاب، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع۔

(جاری ہے)

اس دوران ملک کے بالائی حصوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ (آج) جمعہ کو سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، ژوب، سبی اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن اسلام آباد اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاوٰں، برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے اور اس دوران پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن،گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔