برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا کی برطانیہ کے وزیر خارجہ اور کامن ویلتھ کے وزیر ڈاکٹر اینڈریو مورسن سے ملاقات،

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے آگاہ کیا

جمعرات 15 اگست 2019 14:16

برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا کی برطانیہ کے وزیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) برطانیہ کے وزیر خارجہ اور کامن ویلتھ کے وزیر ڈاکٹر اینڈریو مورسن سے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس زکریا نے ملاقات کی اور انہیں بھارتی مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ لندن سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر نے انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھی صورتحال کی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محمد نفیس زکریا نے بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی پر بھی روشنی ڈالی اور برطانیہ کے وزیر خارجہ کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدامات پر مبذول کرائی، بھارت مقبوضہ وادی کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ظالمانہ اقدامات کے حوالہ سے ہائی کمشنر نے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل پیپلز ٹریبیونل آن ہیومن رائٹس اینڈ جسٹس ان کشمیر سمیت دیگر اداروں کی رپورٹوں کا حوالہ دیا۔ محمد نفیس زکریا نے برطانوی وزیر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالہ سے بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کے سلسلہ میں حکومت پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ نہتے اور معصوم کشمیریوں کے قتل عام کو بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ ان کا ملک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ ہے اور اس حوالہ سے شدید تشویش رکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کا جلد از جلد حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کو یوم آزادی کی خصوصی مبارکباد بھی دی۔