او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرعالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کشمیریوں کو مذہبی آزادی سے روکناعالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے. اعلامیہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 15 اگست 2019 14:56

او آئی سی کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرعالمی برادری سے نوٹس لینے کا ..
جدہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اگست۔2019ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) مقبوضہ وادی کی صورتحال پرعالمی برادری سے نوٹس لینے اور بھارتی حکام سے کشمیریوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کا مطالبہ کردیا ہے. تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ وادی کی صورتحال پرعالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، اقوام متحدہ، دیگر ادارے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کریں.

(جاری ہے)

او آئی سی نے بھارتی حکام سے کشمیریوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کا بھی مطالبہ کیا اور کہاکہ مذہبی آزادی سے روکناعالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کشمیریوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کرے. او آئی سی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں اسلامی ممالک کی تنظیم نے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورت حال اور بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے.

او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور اقوام متحدہ و دیگر ادارے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار اداکریں. اوآئی سی نے مزید کہاکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا، مذہبی آزادی پر قدغن لگانا اور مکمل لاک ڈاﺅن انتہائی تشویش ناک ہے.

اسلامی ممالک کی تنظیم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہاکہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے. یاد رہے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے آرٹیکل 370 ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی تھی. اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا تھا کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے. وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے، بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے.