پلاسٹک بیگ کے خلاف مہم میں سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں،پی واے او

جمعرات 15 اگست 2019 15:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2019ء) پیپلزیوتھ آگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر سے سندھ حکومت کی جانب سے پلاسٹک بیگ پر پابندی ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کے لیئے نہایت احسن اقدام ہے، سندھ حکومت ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے اور عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول دینے کے لیئے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے، پابندی کا مقصد شہر قائد کو صاف ستھرا بنانا ہے ،پلاسٹک بیگ کی جگہ کپڑے اور پیپرز کے بیگ کااستعمال شہریوں کے لیے سندھ حکومت کا ایک تحفہ ہے جس سے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ عوام کو اپنی خریدوفروخت کے حوالے سے ایک بہترسہولت بھی میسر ہوجائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی وائی او کے کراچی دفتر میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری مسرور راجپرسے ہونے والی ملاقات میں کیا،اس موقع پرکراچی اور سندھ کی کارکنان بھی موجود تھے ، تیمور علی مہر کا کہنا تھا کہ حکمت سندھ کے اس اقدام سے نہ صرف شہر میں موجود گندگی میں کمی ہوگی بلکہ تھیلیوں سے جو سیوریج کے نالوں کی بند ش ہوجاتی ہے وہ بھی ختم ہوگی پلاسٹک بیگز ہر شہر کی گلی میں نظر آ رہے ہوتے ہیں اور گندگی پھیلا رہے ہوتے ہیںاس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے مسرور راجپر کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پلاسٹک بیگ کے استعمال سے بیماریاں پھیل رہی ہیں جس میں سب سے زیادہ کینسر کے کیسز دیکھنے کو ملے ہیں کیونکہ شاپر بیگز میں کھانے پینے کی اشیاء خرید کر لائی جاتی ہیں اور ماہرین کے مطابق جب گرم کھانے اس شاپر بیگ میں ڈالے جاتے ہیں تو اس میں موجود کیمیکلز ہمارے کھانے کی اشیاء میں شامل ہو جاتے ہیں اور کینسر جیسے مرض کا باعث بنتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شاپر بیگز ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ آبی حیات کے لیئے بھی خطرہ ہے،سیوریج کے نالے ان تھیلوں کی وجہ سے بند ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے گندا پانی گلیوں اور سڑکوں پر آجاتاہے ،جس سے ماحول آلودہ ہونے کے ساتھ بیماریاں بھی جنم لے لیتی ہیں،انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی سے جو نمٹنے کا فیصلہ کیاہے وہ قابل ستائش ہے جس کے لیے اسٹوڈنٹس ،سول سوسائٹی اور کاروباری حلقے کو بھی سندھ حکومت کا ساتھ دیناہوگا،انہوںنے مزید کہاکہ ہم پلاسٹک بیگ کے خلاف مہم میں سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

اورپیپلزیوتھ کے تمام ورکرمل کر اس مہم کو کامیاب کرینگے ،کیونکہ ان تھیلیوں کی وجہ سے نکاسی آب کا سبب بھی متاثر ہوتاہے اور ماحول بھی آلودہ ہوتاہے ۔