احتساب عدالت اسلام آباد نے شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی

جمعرات 15 اگست 2019 17:26

احتساب عدالت اسلام آباد نے شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) احتساب عدالت اسلام آباد نے ایل این جی درآمدی معاہدہ کی تفتیش کیلئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی ہے۔ نیب حکام نے جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد جمعرات کو سابق وزیراعظم کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو تفتیش میں پیشرفت سے آگاہ کیا اور ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔ شاہد خاقان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ وہ تفتیشی ٹیم سے تعاون کر رہے ہیں اور ان کے سوالات کے جواب دے رہے ہیں، انہیں مزید جسمانی ریمانڈ پر کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے نیب حکام سے کہا کہ وہ آئندہ سماعت 29 اگست تک مذکورہ ملزم کی تفتیش کو مکمل کرنے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی اس مقدمہ میں گرفتار کر رکھا ہے۔