ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش

جمعرات 15 اگست 2019 17:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں جاری لاک ڈائون ختم کیا جائے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے سربراہ اکار پٹیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت 15 اگست کو اپنا یوم آزادی منا رہا ہے ایسے موقع پر بھارتی وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی عوام ان کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہیں تو انہیں گذشتہ 12 روز سے جاری بلیک آئوٹ ختم کر دینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نریندر مودی پر زور دیا کہ انہیں خطہ کے لوگوں کو سننا چاہئے اور ان سے مذاکرات کرنے چاہئیں جب ان کی زندگیاں حکومت کے فیصلہ سے متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے پیاروں سے رابطے اور اظہار رائے کی آزادی حاصل نہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سابق وزیراعلیٰ جموں و کشمیر فاروق عبدالله، عمر عبدالله اور محبوبہ مفتی سمیت اپوزیشن کے سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو قید کرنے پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری مقبوضہ وادی میں مواصلات کا نظام بند کرنا بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔