Live Updates

یوم سیاہ کی مہم کامیاب ہوگئی، مسئلہ کشمیر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالمی سطح پر یوم سیاہ کا ٹرینڈ سب سے اوپر رہا، کل 8 لاکھ سے زائد ٹوئٹ کیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 اگست 2019 22:53

یوم سیاہ کی مہم کامیاب ہوگئی، مسئلہ کشمیر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2019ء) یوم سیاہ کی مہم کامیاب ہوگئی، مسئلہ کشمیر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عالمی سطح پر یوم سیاہ کا ٹرینڈ سب سے اوپر رہا، کل 8 لاکھ سے زائد ٹوئٹ کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھارت کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں دنیا بھر میں آباد پاکستانیوں اور کشمیریوں نے سوشل میڈیا پر خصوصی مہم کا آغاز کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر #BlackDay15thAugust ٹرینڈ چلایا گیا جو 24 گھنٹوں سے عالمی سطح پر ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔ اس مہم کے دوران کل 8 لاکھ سے زائد ٹوئٹس کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اس مہم کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس مہم کے باعث ہی دنیا بھر کی سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں میدان میں آ چکی ہیں اور بھارت کے کشمیر پر ظالمانہ قبضے کیخلاف آواز بلند کر رہی ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے آج 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان نےیوم سیاہ منانے کا اعلان کررکھا ہے جس کے تحت آج پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ڈی پیز سیاہ رنگ کی کر دیں۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنے سرکاری اور ذاتی ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکائونٹس کی ڈی پیز کو سیاہ رنگ سے بدل دیا ہے۔

دوسری جانب کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنی ڈی پیز سیاہ کر دیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس سلسلے میں اپنی ٹویٹر پروفائل پکچر سیاہ کی اور اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقبوضہ وادی میں بھجوانے کی اطلاعات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا دنیا خاموشی سے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کو دیکھتی رہے گی؟
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ جبکہ تحریک انصاف کے بھی ٹویٹر اکاؤنٹس کی ڈی پیز سیاہ ہوگئیں۔

خیال رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن نیٹ ورک سروسز کو معطل کرکے کرفیو نافذ کردیا تھا۔ بھارت نے خصوصی حیثیت تبدیل کرکے مقبوضہ وادی میں مزید ہزاروں فوجی تعینات کیے تھے اور وادی کو جیل میں تبدیل کردیا تھا جبکہ 12 روز سے جاری کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام بد ترین مشکلات کا شکار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے یوم آزادی کے روز یوم سیاہ منانے کا یہ اقدام مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات