اینڈارئیڈ اور آئی او ایس کو نقصان پہنچانے کے بعد چین نے امریکہ کی 5جی ٹیکنالوجی کے جواب میں 6 جی سروس پر کام شروع کردیا

6 جی ٹیکنالوجی 2030 تک کمرشل بنیادوں پر میسرہو گی: چینی موبائل کمپنی ہواوے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 15 اگست 2019 23:01

اینڈارئیڈ اور آئی او ایس کو نقصان پہنچانے کے بعد چین نے امریکہ کی 5جی ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15اگست2019ء) اینڈارئیڈ اور آئی او ایس کو نقصان پہنچانے کے بعد چین نے امریکہ کی 5جی ٹیکنالوجی کے جواب میں 6 جی سروس پر کام شروع کردیا ہے۔ چینی موبائل کمپنی ہواوے کے مطابق 6 جی ٹیکنالوجی 2030 تک کمرشل بنیادوں پر میسرہو گی۔ چین کی موبائل کمپنی ہواوے نے اوٹاوا میں واقع آر اینڈ ڈی سینٹر میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی اقدامات کے بعد 5 جی ٹیکنالوجی ہواوے کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی تھی جس کے پیش نظر کمپنی نے 6 جی سروس پر کام شروع کر دیا ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اوٹاوا میں ہواوے نے 13 یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے ساتھ مل کر آراینڈ ڈی سینٹر میں 6 جی ٹیکنالوجی پر تحقیق شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے ترجمان کے مطابق فی الحال تحقیقات کا آغاز ہے کیونکہ 6 جی ٹیکنالوجی 2030 سے پہلے کمرشل بنیادوں پر دستیاب نہیں ہوسکے گی۔ ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہواوے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر 6 جی نیٹ ورک اور نئی ایپلیکشنز پر کام کررہا ہے تاکہ وہ گوگل کے اینڈرائیڈ سسٹم پر سبقت حاصل کر سکے۔ خیال رہے کہ امریکی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہواوے پر پابندیاں عائد کیں جس کے بعد کمپنی نے بھی اینڈرائیڈ پر انحصار ختم کردیا ہے اور ہواوے نے اپنا آپریٹنگ سسٹم متعارف کروایا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی ای)کے مطابق فائیو جی کے لائسنسز کا پاکستان میں اجرا رواں سال نومبر میں ہوگا۔درخواستیں وصول کرنے کیلئے اخبار میں اشتہار دے دیا گیا جبکہ اس کا طریقہ کار بھی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 2014 میں تھری جی اور فور جی کے لائسنس کا اجرا کیا گیا تھا جس کے بعد بڑی تعداد میں صارفین نے اس کا استعمال شروع کیا۔پی ٹی اے کے مطابق اب تک چار کروڑ 40 لاکھ افراد تھری جی اور فور جی کی سروس استعمال کررہے ہیں۔فائیو جی لائسنس کیلئے مختلف ٹیلی کام سیکٹر کی کمپنیاں خواہش مند ہیں۔