شنیرا اکرم نے شادی کی چھٹی سالگرہ پر بھی پاکستان کو یاد رکھا

جس دن ہم جشن آزادی مناتے ہیں عین اسی دن میری آزادی ختم ہو گئی تھی:وسیم اکرم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 16 اگست 2019 11:44

شنیرا اکرم نے شادی کی چھٹی سالگرہ پر بھی پاکستان کو یاد رکھا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 اگست 2019ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کی اہلیہ اپنی شادی کی چھٹی سالگرہ پر پاکستان کو یاد کرنا نہ بھولیں۔6 سال قبل 14 اگست کے ہی موقع پر رشتہ ازواج میں منسلک ہونے والے سوئنگ کے سلطان لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم اور شنیرا اکرم نے اپنی چھٹی سالگرہ منائی تاہم ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شنیرا اکرم پاکستان کو یاد کرنا نہ بھولیں۔

شنیرا اکرم نے انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وسیم اکرم اور انکی اہلیہ دونوں ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے چہرے پر مسکراہٹ سجائے نظر آرہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ شنیرا اکرم نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ” میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں خوشی کے ساتھ اپنی شادی کی چھٹی سالگرہ یوم پاکستان کے ساتھ منا رہی ہوں،چھ سال قبل ہم دونوں نے ایک عزم کا اظہار کیا تھا کہ ہم محبت، اتحاد رحم دلی اور خوشحالی کے ساتھ اگے بڑھیں گے اور ہمارا یہی وعدہ پاکستان کے لیے بھی ہے“، مجھے امید ہے کہ میں اور وسیم اکرم عین اسی طرح مضبوط اور متحد رہیں گے جس طرح آج کا پاکستان متحد اور مضبوط ہے، ساتھ ہی انہوں نے شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ ہم ایسے مزید دن دیکھتے رہیں گے“۔

(جاری ہے)

دریں اثناءوسیم اکرم بھی خاموش نہ رہے اور انہوں نے بھی شادی کی سالگرہ پر منفرد انداز میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ’ جس دن ہم جشن آزادی مناتے ہیں عین اسی دن میری آزادی ختم ہو گئی تھی‘۔ وسیم اکرم نے شنیرا اکرم کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’تمہارے بغیر میری زندگی بے معنی ہے‘۔