ٹیوٹا کا رواں سال فیصل آباد میں 8ہزار طلباء و طالبات کو مختلف شعبہ جات میں داخلے فراہم کرنے کا اعلان

جمعہ 16 اگست 2019 13:32

ٹیوٹا کا رواں سال فیصل آباد میں 8ہزار طلباء و طالبات کو مختلف شعبہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) ٹیوٹا نے رواں سال فیصل آباد میں 8ہزار طلباء و طالبات کو مختلف شعبہ جات میں داخلے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو ہنر اورمہارت فراہم کرکے صنعتی و کاروباری شعبہ کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے نہ صرف روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کیاجائے بلکہ بیروزگاری اور غربت کاخاتمہ بھی یقینی بنایاجاسکے۔

ٹیوٹا کے ذرائع نے بتایاکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی فیصل آباد کے بورڈ آف مینجمنٹ نے فیصل آباد کے سرکاری ٹیکنیکل اداروں کی مجموعی کارکردی کو بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کر لی ہے جس کے تحت گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سمن آبادکو سنٹر آف ایکسی لنس کا درجہ ملنے کے بعد ٹیوٹا کے مزید دو اداروں کو سنٹر آف ایکسیلنس کا درجہ دینے کے علاوہ ان اداروں میں 30 فیصد زائد داخلے بھی دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال فیصل آباد میں ٹیوٹا کے مختلف اداروں میں 5708 طلبہ کو داخلہ دیا گیا جبکہ اس سال 8 ہزار طلبہ کو داخلہ دیا جائیگا۔ مزید برآں جو ادارے اپنی پوری استعداد سے کام نہیں کر رہے ان سے بھی پوری طرح فائدہ اٹھایا جائیگا تا کہ ملک میں ہنر مند افرادی قوت کی کمی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سمن آباد میں فوڈ کورسز انتہائی کامیابی سے کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے سال کے طلبہ کو کورس مکمل کرنے سے پہلے ہی نوکریاں مل جاتی ہیں جو اس پروگرام کی مقبولیت اور افادیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سنٹرکو سنٹر آف ایکسیلنس کا درجہ دینے کے بعد مکینیکل اور الیکٹریکل کے ایک ایک سنٹر کو بھی سنٹر آف ایکسیلنس کا درجہ دلانے کی کوشش کی جائیگی۔انہوںنے بتایاکہ بورڈ نے فیصل آباد جم اینڈ جیولری ٹریننگ سنٹر کے قیام کیلئے جم اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین کو فیصل آباد چیمبر کے پلیٹ فارم پر مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیاتاکہ فیصل آباد میں جم اینڈ جیولری کے تربیتی کورس شروع کرائے جاسکیں۔

انہوںنے کہا کہ ٹیوٹا کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو تین تین ماہ کیلئے مختلف اداروں میں انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا جائیگااور اس دوران ان طلبہ کو چھ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ انہوںنے بتایاکہ ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کی ہنر مند افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے چک جھمرہ میں نئے سنٹر کے قیام کی تجویزبھی زیر غور ہے اور فیصلہ کیا گیاہے کہ اس مقصد کیلئے ایم تھری، ویلئوایڈیشن سٹی اور ٹیکسٹائل سٹی میں جگہ حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ ان کیلئے سٹاف ٹیوٹا مہیا کرے گا۔

انہوںنے بتایاکہ چین اور کوریا کو بھی ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے اس طرح انہیں بہتر سیلری پیکیج مل سکتا ہے لہٰذا ٹیوٹا کے زیر تعلیم طلبہ کو کورین اور چینی زبان سکھانے کا بھی بندوبست کیا جا سکتا ہے۔