شاہ محمود قریشی کاجنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال

جمعہ 16 اگست 2019 15:26

شاہ محمود قریشی کاجنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکورٹی کونسل کی ممبر، جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقہ کی وزیرخارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ کو بتایا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے،گزشتہ بارہ یوم سے کرفیو کے سبب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہیں،خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر آئینی اقدامات کے ذریعے پورے خطے کے امن و امان کو تہہ و بالا کرناچاہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں موبائل، انٹرنیٹ اور مواصلات کے تمام ذرائع بند کر دئے گئے ہیں ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ کو سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور نے کہا کہ ہم اس ساری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں ۔جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نے اس ساری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوراً اپنے دیگر پارلیمنٹیرینز سے رابطہ کر کے جنوبی افریقہ کی پارلیمان سے متفقہ قرارداد لانے کا عندیہ دیا۔