سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا کیخلاف اپیل مجرم کی سزا پوری ہونے پر غیر موثر قرار دیکر نمٹا دی

ْمدعی فریق کی مجرم کو عمر قید کی سزا سزائے موت میں تبدیل کرنے کی اپیل بھی مسترد کر دی گئی

جمعہ 16 اگست 2019 15:34

سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا کیخلاف اپیل مجرم کی سزا پوری ہونے پر غیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2019ء) سپریم کورٹ نے عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل مجرم کی سزا پوری ہونے پر غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی،مجرم کی عمر قید کی سزا سزائے موت میں تبدیل کرنے کی اپیل بھی مسترد کر دی گئی ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت کی ۔

مجرم محمد افضل پر فیصل آباد میں محمد عاشق نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

اپیل کنندہ کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فیصل آباد کی ماتحت عدالت نے سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنائی ۔لاہور ہائیکورٹ نے مجرم کی اپیل پر سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔مجرم 19سال سے جیل میں ہے استدعا ہے کہ عدالت رہا کرنے کا حکم دے ۔۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئیے کہ جیل رپورٹ کے مطابق مجرم 2017 میں سزا پوری کر چکا ہے لہٰذااپیل غیر موثر ہو چکی ہے ۔عدالت نے مدعی فریق کی مجرم کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کی اپیل بھی خارج کر دی۔