آرمی چیف اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیریوں کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 اگست 2019 17:21

آرمی چیف اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی ملاقات
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اگست 2019ء) : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی ملاقات ہوئی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آرمی چیف اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی ملاقات میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ پر بھی گفتگو کی گئی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاک فوج کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی جاری ہے۔گذشتہ روز بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی تھی۔ اس حوالے سے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے لائن آف کنٹرول پرفائرنگ میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والے جوانوں میں نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل ہیں۔ نائیک تنویر اور سپاہی رمضان کا تعلق خانیوال سے جبکہ لانس نائیک تیمور کا تعلق لاہور سے ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے پانچ اہلکار ہلاک ہوئے۔

جبکہ آج صبح ایک مرتبہ پھر سے بھارتی فورسز نے ایل او سی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک اور جوان شہید ہو گیا۔ ترجمان پاک فو میجر جنرل آصف غفور نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ایل او سی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا مزید ایک جوان شہید ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ سپاہی محمد شیراز ایل او سی کے بٹل سیکٹر میں بھارتی فائرنگ کی زد میں آئے۔