کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے، بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، احسن اقبال

جمعہ 16 اگست 2019 17:38

کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے، بھارت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملہ پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس منعقد کیا جائے، کشمیر میں غزہ سے زیادہ بلیک آئوٹ کر دیا گیا ہے، ہمیں کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنا ہو گا۔ جمعہ کو شاہراہ دستور پر سینیٹر مصدق ملک اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح تیار ہیں، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت کو دندان شکن شکست دیں گے، بھارت کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔ احسن اقبال نے کوئٹہ، کچلاک کی مسجد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور بیگناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کے غیر رسمی اجلاس کے حوالہ سے آج اہم دن ہے، بھارت کی طرف سے 5 اگست کو یکطرفہ کارروائی کے حوالہ سے ہمیں شدید تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غزہ سے زیادہ بلیک آئوٹ کر دیا گیا ہے اور وہاں بدترین مظالم جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے، ہم نے کشمیر کے معاملہ کو سیاست کی نذر نہیں کرنا، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، بھارت کسی صورت پاکستان کو مرعوب نہیں کر سکتا، بھارت کے وزیر دفاع کو کہیں گے کہ ہتھیار آپ کے پاس ہی نہیں ہمارے پاس بھی ہیں، ایٹمی جنگ صرف بھارت یا پاکستان کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہو گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، اپوزیشن اس ضمن میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دے رہی ہے۔