کراچی پریس کلب کاجشن آزادی فیملی فیسٹیول31اگست کو ہوگا

جمعہ 16 اگست 2019 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2019ء) کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام اراکین کلب اور ان کے اہل خانہ کے لیے ملی نغموں، کوئزشوز، بچوں اور خواتین کے مقابلوں اور لذید کھانوں سے مزین جشن آزادی فیملی فیسٹیول ہفتہ31 اگست2019 کوکراچی پریس کلب میں منعقد ہو گا۔فیسٹول کا آغاز صبح11بجے ہوگا جو رات 12 بجے تک جاری رہے گا۔فیسٹیول میں داخلہ رکنیت کارڈ کی بنیاد پر ہو گا اور صرف فیملی ممبران ہی اس فیسٹیول میں شریک ہو سکیں گے۔

فیملی فیسٹیول میں معروف گلوکار ملی نغمے پیش کریں گے جب کہ ملک کے نامور کامیڈینز بھی اپنی اداکاری سے حاضرین کو محظوظ کریں گے۔فیسٹول میں بچوں کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلے، کوئز شو، مضمون نویسی، اردو اور انگریزی میں تقریری مقابلے، ڈرائنگ اور ملی نغموں کے مقابلے شامل کیے گئے ہیں جب کہ کارٹون کیریکٹرز، جوکرز، جمپنگ کیسل، ٹوکن رائیڈز، فیس پیٹنگز، پپٹ شو اور میجک شو بھی ہوگا۔

(جاری ہے)

نجیب ٹیرس پر خواتین کی مختلف سرگرمیاں منعقد ہوں گی، مختلف شعبہ جات کی نمایاں خواتین کا مذاکرہ، سلاد بنانے، مہندی لگانے کے مقابلے، چیئر گیم کے علاوہ کپڑوں اور مختلف اشیا کے اسٹالز دست یاب ہوں گے۔فیسٹیول میں بچوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے ہوں گے مقابلے کے اختتام پر جیتنے والے بچوں میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔اراکین اور ان کے اہل خانہ کے لیے اسپیشل فوڈ کورٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس میں چکن بریانی، بیف پلا، چکن قورمہ، چکن ہانڈی، وان ٹان، حلیم، چکن تکہ، لاجواب سوئیٹس، گلاب جامن، قلفی، آئس کریم، چنا چاٹ، بھیل پوری، گول گپے، بن کباب، کافی اور چائے دست یاب ہوگی۔

پروگرام کے دوران اراکین کلب کو خصوصی فیملی گفٹ پیک دیے جائیں گے۔اراکین کو مفید مشوروں کے لیے طبی اور آگاہی کیمپس بھی لگائے جائیں گے۔فیسٹیول کے اختتام پر شہر کے مختلف روٹس پر اراکین اور ان کے اہل خانہ کو مقررہ مقامات تک لے جانے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ کراچی پریس کلب میں 31 اگست 2019 کو یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والے فیملی فیسٹیول میں صرف اراکین کا داخلہ کراچی پریس کلب کے کارڈ کی بنیاد پر ہوگا۔اراکین صرف اپنے اہل خانہ کو ساتھ لا سکیں گے۔ اہل خانہ کا مطلب رکن کلب، اہلیہ، بیٹا، بیٹی اور والدین ہیں، ان کے سوا کوئی اور رشتے دار اہل خانہ کی تعریف میں نہیں آتا۔