راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی مزید بارش ہو گی

موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریائوں/برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، تیز بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ، محکمہ موسمیات

جمعہ 16 اگست 2019 18:35

راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں اور گرج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2019ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی مزید بارش ہو گی، موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریائوں/برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ اس دوران نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعہ سے ہفتہ کے دوران ملک میں تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ (آج) ہفتہ کو ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودہا، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالا کنڈ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔اس دوران ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن اسلام آباد اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریائوں/برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اس دوران پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن،گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، سرگودہا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور اسلام آباد میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، مالاکنڈ، مکران ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زیادہ بارش چکوال 35، نورپورتھل 30،جوہر آباد 25، اٹک 22، اسلام آباد (ایئرپورٹ 18، سیدپور 13، زیروپوائنٹ 06، گولڑہ 02)، سیالکوٹ (ایئرپورٹ 17)،گوجرانوالہ 13،سرگودہا 12، لاہور (ایئرپورٹ10، سٹی 01)،جھنگ 11، اوکاڑہ 08، فیصل آباد 07، حافظ آباد، نارووال 06، قصور02، ملتان،گجرات، منڈی بہائوالدین01، چراٹ 19، پشاور 09، چترال، دیر، مالام جبہ 02، تخت بائی 01، لسبیلہ 08، گڑھی دوپٹہ 05 اور استور میں ایک ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی۔

جمعہ کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی 43، تربت اور دالبندین میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔