شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ

جنوبی افریقہ ، سپین کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے متوقع اعلیٰ عہدیدار برائے امور خارجہ جوزف بوریل سمیت دیگر اہم راہنمائوں کے ساتھ بات چیت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا،سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کے مندرجات سے بھی آگاہ کیا

جمعہ 16 اگست 2019 21:21

Eاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ، جنوبی افریقہ ، سپین کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے متوقع اعلیٰ عہدیدار برائے امور خارجہ جوزف بوریل سمیت دیگر اہم راہنمائوں کے ساتھ بات چیت کی۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکورٹی کونسل کے غیر مستقل رکن ملک جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر نالیڈی پنڈور سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ کو سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے خط کے مندرجات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، گزشتہ 12 دن سے کرفیو کے سبب مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی زندگیاں اجیرن ہو چکی ہے، خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں غیر آئینی اقدامات کے ذریعے پورے خطے کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں موبائل، انٹرنیٹ اور مواصلات کے تمام ذرائع بند کر دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سپین کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے متوقع اعلیٰ عہدیدار برائے امور خارجہ جوزف بوریل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور دونوں راہنمائوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے ۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ہندوستان، کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں ۔بات چیت کے بعد سپین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، انہوںنے سپین اور یورپی یونین کی طرف سے حتی المقدور کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا۔شمیم محمود