مودی سرکار کی ایک اور گھناؤنی سازش بے نقاب ہو گئی

مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر بھارت کے حق میں بیانات جاری کیا جانے تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 اگست 2019 10:40

مودی سرکار کی ایک اور گھناؤنی سازش بے نقاب ہو گئی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2019ء) : مودی کی اسلامی ممالک اور ان کے سربراہان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کی گھناؤنی منصوبہ بندی ناکام ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت اور دیگر ممالک کے اہم ذمہ دران کی جعلی آئی ڈیزبنا کر کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے خلاف اور بھارت کے حق میں ان کے جعلی بیان جاری کرا کر پروپیگنڈا شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی جبکہ 188 ایسے جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے جو مختلف بڑے اور معروف ناموں سے ہیں ، بھارتی حکومت نواز 15 بھارتی میڈیا ہاؤسز بھی اس پروپیگنڈا مہم میں آگے آگے ہیں۔

قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ نریندر مودی کی اس پروپیگنڈا مہم میں پاکستان سے بھی 4 مختلف بھارت نواز سیاسی جماعتوں کے سوشل میڈیا ورکرز کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اکثر ممالک کی جانب سے مودی کی مخالفت اور پاکستان کی حمایت پر یہ پروپیگنڈا شروع کیا گیا ہے۔ اس پروپیگنڈے کا اصل مقصد پاکستان اور کشمیر سمیت دنیا میں جہاں جہاں کشمیر کے لیے آواز اُٹھائی جا رہی ہے ، وہاں یہ تاثر دیا جانا ہے کہ دیگر ممالک کے حکمران اس اقدام پر بھارت کے ساتھ اور پاکستان کے مخالف ہیں تاکہ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنے والوں کے حوصلے پست ہوں۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جعل سازی کا پردہ ترک صدر طیب اردگان کی کشمیر کے حوالے سے کی گئی تقریر کا غلط ترجمہ کر کے چلانے پر فاش ہوگیا۔ اپنی تقریر میں ترک صدر طیب اردگان کُھل کر پاکستان اور کشمیر یوں کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ بھارتی میڈیا اور ان کے جعلی بنائے گئے ٹویٹراکاؤنٹ پر سب کچھ بھارت کے حق میں بتایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی جعلی سازی اور جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس کے حوالے سے پاکستان کی حکمت عملی تو تیار ہوچکی ہے جبکہ دیگر ممالک کے سربراہان اور ذمہ داران کے جو جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے ہیں اور جو جعلی بیانات جاری کروائے گئے ہیں، اس پر دیگر ممالک بھی نہ صرف بیان جاری کر رہے ہیں بلکہ کئی جعلی ٹوئٹراکاؤنٹس اور ویڈیوز کی تردید بھی آگئی ۔