پاکستانی بزنس مین بھی اماراتی گولڈن ویزہ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل

35 سالہ محمد اکرم المُصباح گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 اگست 2019 12:36

پاکستانی بزنس مین بھی اماراتی گولڈن ویزہ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں ..
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17اگست2019ء) اماراتی حکومت نے بالآخر ایک پاکستانی بزنس مین کو بھی دس سال کا گولڈہ ویزہ دے دیا۔35 سالہ محمد اکرم یہ شاندار ویزہ حاصل کرنے والے اولین پاکستانی بن گئے ہیں۔پاکستان سے تعلق رکھنے والے محمد اکرم ممتاز کاروباری ادارے المُصباح گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد اکرم کو یہ شاندار اعزاز یومِ آزادی یعنی 14اگست کے دِن دِیا گیا۔

صرف 35سال کی عمر میں ہی ترقی کی بلندیوں کو چھُونے والے محمد اکرم ریئل اسٹیٹ، پراپرٹیز، ایلومینیم، بلڈنگ اور کنٹریکٹنگ سے متعلق کئی نجی اداروں کے سربراہ ہیں۔ جبکہ مشہور دی گریٹ وال ہوٹل بھی عنقریب المُصباح گروپ کی جانب سے خرید لیا جائے گا۔ محمد اکرم نے بتایا کہ اُن کا گروپ آف کمپنیز صارفین کو صنعتی شعبوں میں بھی مختلف خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد اکرم ایک محب وطن پاکستانی ہیں اس لیے اپنی کمپنیوں میں بھرتی کرتے وقت وہ پاکستانی ہُنر مندوں کو اپنی پہلی ترجیح قرار دیتے ہیں۔ محمد اکرم نے مزید بتایا کہ اُن کا پاکستان میں بھی آبائی کاروبار ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات میں اُن کی کمپنی 1982 ء سے خدمات فراہم کر رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی صنعتی ترقی میں اُن کی کمپنیز کا بھی بہت اہم کردار ہے۔

محمد اکرم نے اماراتی حکومت کی جانب سے اُنہیں گولڈہ ویزہ دیئے جانے پر حکومت ، امارات کے حکمران شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اور دُبئی کے فرماں روا شیخ محمد بن راشد المکتوم کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔ محمد اکرم نے بتایا کہ گولڈن ویزہ حاصل کرنے کے بعد اب میں زیادہ آزادی سے امارات میں مزید سرمایہ کاری کر سکوں گا۔ جبکہ اس سے دیگر پاکستانی بزنس مینوں کو بھی اماراتی سرزمین پر اپنا کاروبار چمکانے کی ترغیب ملے گی۔ محمد اکرم نے کہا کہ وہ اب دیگر ممالک میں بھی اپنا کاروبار پھیلانے کی جانب توجہ دے رہے ہیں۔ محمد اکرم نے پاکستانی قوم کو آزادی کی مبارک باد بھی دی۔