دیکھو دیکھو کون آیا ، چور آیا چور آیا

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کے سامنے ہی ان کے خلاف نعرے لگ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 17 اگست 2019 12:45

دیکھو دیکھو کون آیا ، چور آیا چور آیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اگست 2019ء) : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو ایک تقریب کے دوران اُس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب اُن کے سامنے ہی اُن کے خلاف نعرے لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری ایک تقریب کے دوران تقریر کر رہے تھے کہ اُسی وقت تقریب کے شرکا میں سے کسی نے ''دیکھو دیکھو کون آیا، چور آیا چور آیا '' کے نعرے لگا دئے جس پر فواد چودھری کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویڈیو میں تقریب میں اسٹیج کے عقب میں لگے بینر کو دیکھا جا سکتا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تقریب خصوصی طور پر فواد چودھری کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی اور ایسی تقریب میں ان کے خلاف نعرے بازی ہونا باعث ندامت ہے۔
فواد چودھری کے خلاف لگائے جانے والے نعروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے ملے جُلے رد عمل کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کچھ صارفین نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا ان کے ساتھ یہی ہونا چاہئیے۔ ابھی تو یہ آغاز ہے، ایک سال میں ہی عوام نے ان کے خلاف نعرے لگانے شروع کر دئے ہیں اب آگے دیکھنا ہے کہ عوام کہیں ان پر جوتے بھی نہ برسا دے۔ کیونکہ عوام نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد ہی ان کو ان کی اوقات دکھانا شروع کر دی ہے۔ ٹویٹر صارفین نے فواد چودھری کے سامنے ہی ان کے خلاف ہونے والی نعرے بازی کو اللہ کا انصاف بھی قرار دیا اور کہا کہ یہ اللہ ہی کا انصاف ہے کہ ان کے منہ پر ہی ان کے خلاف نعرے لگ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو ان کی بیان بازی کی وجہ سے بھی اکثر تنقید کا سامنا رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ عوام ان سے نالاں ہی رہتی ہے۔