Live Updates

تجارتی خسارے میں 28فیصد کمی

پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 14.6 فیصد اضافہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 17 اگست 2019 13:25

تجارتی خسارے میں 28فیصد کمی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اگست۔2019ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تجارتی خسارے کے خلاف اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے جہاں رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران اس میں 29 فیصد کی کمی واقع ہوئی جس کی بڑی وجہ غیر ضروری لگژری اشیا کی درآمدات میں کمی ہے. نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تجارتی خسارہ جولائی کے دوران 28.84 فیصد کم ہو کر 2 ارب 27 کروڑ ڈالر تک ہوگیا جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 3 ارب 19 ارب ڈالر تھا.

موجودہ حکومت نے جون 2020 تک تجارتی خسارے کو 27 ارب 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک لانے کا ہدف مقرر کیا ہے‘مالی سال 19-2018 کے دوران تجارتی خسارہ 37 ارب 58 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 31 ارب 82 کروڑ ڈالر تک ہوگیا تھا جو تقریباً 15.33 فیصد کمی تھی.

(جاری ہے)

حکومت کی اس بڑی کامیابی کی وجہ سے درآمدات میں کمی جبکہ برآمدات میں اضافہ ہے اعدادوشمار کے مطابق رواں برس جولائی کے دوران 4 ارب 15 کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے دوران 4 ارب 89 کروڑ ڈالر کی درآمدات سے 14.07 فیصد کم ہے‘درآمدات میں کمی کی بڑی وجہ لگژی اشیا اور آٹو موبائل پر لگائی جانے والی ریگولیٹری ڈیوٹی ہے‘علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے گزشتہ برس ہی فرنس آئل کی درآمد پر پابندی لگادی گئی تھی جبکہ انرجی سپلائی، متبادل درآمدات، معاشی استحکام اور کرنسی کی قدر میں کمی سمیت متعدد پالیسی مداخلت بھی درآمدات میں کمی کا باعث بنی.

پاکستان کسٹمز حکام کے مطابق درآمدات کی تخفیف اس سے بھی زیادہ واضح ہوسکتی تھی تاہم حکومت کی جانب سے رواں برس کے بجٹ میں ایک ہزار 6 سو 39 اشیا پر عائد ڈیوٹی میں چھوٹ دی گئی.انہوں نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے ان اشیا کی درآمدات پر جولائی کے دوران 28 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا‘تاہم خام مال اور مشینری کی درآمد کی وجہ سے صنعتی ترقی میں تیزی کا امکان ہے اور اس حوالے سے کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ خام مال اور مشینری پر عائد ڈیوٹی میں نرمی کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی. دوسری جانب پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 14.6 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ مالی سال جولائی ایک ارب 64 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں ایک ارب 88 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات