Live Updates

کشمیر کے تنازع کو حل کرنا سیکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے. وزیراعظم

پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا. عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 17 اگست 2019 14:00

کشمیر کے تنازع کو حل کرنا سیکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے. وزیراعظم
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اگست۔2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ50 سال میں پہلی مرتبہ دنیا کے اعلیٰ ترین فورم نے مسئلہ کشمیر کی تشویش ناک صورتحال پر بحث کی ہے. وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس کو خوش آمدید کہتا ہوں، سیکیورٹی کونسل کے مقبوضہ کشمیرسے متعلق اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہیں.

عمران خان نے لکھا کہ سلامتی کونسل کی کشمیر کے حقِ خود ارادیت سے متعلق 11 قراردادیں ہیں، سیکیورٹی کونسل نے مقبوضہ کشمیرکی تشویشناک صورتحال پربحث کی ہے، سیکیورٹی کونسل کااجلاس ان قراردادوں کی مزید توثیق ہے‘انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دکھوں کامداوا اورتنازع کو حل کرنا سیکیورٹی کونسل کی ذمہ داری ہے. دریں اثناءوزیر اعظم عمران خان سے سابق وزیرقانون بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں کشمیر سے متعلق عالمی صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت ہوئی، ملاقات میں سیاسی، قانونی اور آئینی امور پر بھی گفتگو ہوئی.

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، دنیا کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا موقف سن اور سمجھ رہی ہے، کشمیر پر پاکستان سفارتی محاذ پر درست سمت میں آگے بڑھا ہے سنگین معاملے پر دوست ممالک کی حمایت پر شکر گزار ہیں. انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ روز تفصیلی بات ہوئی‘ امریکی صدر معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، کرفیو، کریک ڈاﺅن اور ممکنہ نسل کشی کے خدشے سے انہیں آگاہ کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تکالیف کا ازالہ کرنا اور تنازعے کا حل عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر کے معاملے پر دو ٹوک موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ ہے بھارت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا. بابر اعوان نے کشمیر کاز کے لیے وزیر اعظم کے دلیرانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے مودی کو بے نقاب کر کے عالم اسلام کی نبض پر ہاتھ رکھا.

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھارت کے بیانیے کو شکست ہوئی، بی جے پی حکومت کو معاملہ اقوام عالم تک پہنچنے پر تنقید کا سامنا ہے‘خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس گزشتہ روز ہوا تھا جس کے دوران کونسل کو مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر بریفنگ دی گئی تھی سلامتی کونسل اجلاس میں 5 مستقل اور 10 غیر مستقل نمائندے شریک ہوئے تھے.

سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ارکان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا. چینی مندوب کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ تاریخی ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، بھارتی آئینی ترامیم سے خطے میں تناﺅ پیدا ہوگا. انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر چین کو بھی تشویش ہے، بھارتی اقدامات سے چین کی سلامتی بھی چیلنج ہوئی ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات درست نہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات