پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا

زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 17 اگست 2019 14:37

پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا
 کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اگست۔2019ء) پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا ہے جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی. اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، 9 اگست کو ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے سرکاری زخائر میں 53 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی.

(جاری ہے)

50 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری زخائر کی مالیت 8 ارب 26 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی سطح عبور کرگئی ہے جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 31 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں. واضح رہے کہ 7 اگست کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، اس کے علاوہ جولائی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے اعلامیے میں 5 سال کے دوران پاکستان کو 10 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا یہ رقم پاکستان کے لیے رعایتی قرضہ ہوگی، پاکستان کے ساتھ نئی شراکت پر حکمت عملی طے کی جارہی ہے جبکہ یہ پروگرام 2024 تک جاری رہے گا .

یادرہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز کا قرض دینے کی منظوری دی تھی ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ یہ قرض پاکستان کی تجارت کے فروغ ، خسارے میں کمی اور معاشی اصلاحات کے لیے دیا جارہا ہے. اعلامیہ میںیہ بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان کو دئیے جانے والے قرض کے ذریعے کاروبار آسان بنانے اور برآمدات بڑھانے کے لیے مدد فراہم کی جائے گی.

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں دعوی کیا گیا تھا کہ قرض سے پاکستان کے تجارتی خسارے کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی. ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے سات لاکھ 50 ہزار ڈالرز ٹیکنیکل سہولت کے لیے سپورٹ پیکچ کی بھی منظوری دی تھی. اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کا ٹیکس نیٹ بڑھانے اور بجلی و گیس کے نرخ میں اضافے سے گردشی قرضے میں کمی ہوگی‘ واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ 53 سال کی شراکت داری ہے. ایشیائی ترقیاتی بینک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی معیشت میں بہتری اور مالیاتی مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ مدد اور تعاون فراہم کرتے رہیں گے.